خیبر پختونخوا

وزیراعلیٰ کا دورہ، مردان میں صحت سہولت کارڈ سمیت اہم منصوبوں کا افتتاح

وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے مردان کا ایک روزہ دورہ کیا اور اس دوران وزیر اعلی نے باچا خان میڈیکل کالج میں اسپورٹس جمنیزیم اور ایڈمن بلاک، صحت سہولت کارڈ اور سیف سٹی پراجیکٹ کا افتتاح کیا۔

گڑھی کپورہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی محمود خان نے کہا کہ میں بحیثیت وزیراعلی چیلنج دیتا ہوں کہ پی ڈی ایم کے جلسوں کو ہم نے ناکام بنا دیا ہے کیونکہ اب لوگوں میں آگاہی آ گئی ہے کہ کون کس لئے لڑ رہا ہے اور کس کے لئے بات کر رہا ہے۔

انہوں نے خود اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات ٹھیک ہے کہ مہنگائی کا مسئلہ ہے لیکن یہ کنٹرول ہو جائے گی، جب ہمیں خراب معیشت اور خالی خزانہ ملا تو اس کو بھرنے اور عوام پر لگانے کے لئے کچھ وقت لگے گا، یہ وقت بھی گزر جائے گا اور یہ سخت وقت ہے، پختون قوم ان سخت حالات سے ناواقف نہیں ہیں اور مجھے امید ہے کہ ہم اپنے لیڈر کے ساتھ سب کھڑے ہوں گے اور ملک سخت حالات سے نکل جائے گا اور اگر اس وقت ایک ہی امید ہے تو وہ عمران خان ہے باقی سارے لیڈر تو وہ کارتوس ہیں جو پہلے سے استعمال شدہ ہیں۔

اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ و صحت تیمور سلیم جھگڑا، مشیراطلاعات کامران بنگش، سینیٹر ذیشان خانزادہ، وفاقی وزیر مملکت علی محمد خان، ڈیڈک چیئرمین ملک شوکت، ایم پی اے افتخار مشوانی، امیرفرزند خان اور فضل الہی بھی موجود تھے۔

 

وزیرعلی نے کہا کہ ہمارے خلاف نعرے لگانے والوں کے پاس کچھ بھی نہیں ہے ہم ان کو شکست دیں گے یہ لوگ کھبی استعفے مانگتے تو پھر پیچھے چلے جاتے ہیں، لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہیں لیکن نہیں کر سکتے اور ابھی تک کچھ بھی نہیں کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن والے اقتدار کے بھوکے لوگ ہیں اور صرف الیکشن کے بارے میں سوچتے ہیں اور ہمارا لیڈر عمران خان قوم کے بارے میں سوچتا ہے اور ان کی سوچ ہے کہ جب تک قوم کو اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں کرتے ان چور اور ڈاکوؤں کے دوبارہ آنے کاخطرہ موجود رہے گا۔

وزیر اعلی نے کہا کہ پچھلے سینٹ الیکشن میں تحریک انصاف نے ووٹ بیچنے پر اپنے بیس ایم پی اے نکالے تھے اور وہ ضمیرفروش تھے، صدارتی آرڈیننس جو سینیٹ الیکشن شو آف ہینڈ سے کرانے کے لئے جاری ہوا ہے اب پی ڈی ایم اگر اس کی مخالفت کرتی ہے تو ہمیں سلیکٹڈ حکومت کہنے والے تو خود سینیٹ میں الیکشن کی بجائے سلیکشن کرنا چاہتے ہیں، اپوزیشن والے اس کے خلاف عدالت جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح عمران خان شو آف ہینڈ کے زریعے الیکشن کرانا چاہتے ہیں تو میں بھی اس کے ساتھ متفق ہوں مجھے اپنی ٹیم اور ایم پی ایزپر پورا یقین ہے کہ یہ نہ بکنے والے لوگ ہیں لیکن اس لئے سینیٹ الیکشن شو آف ہینڈ پر ہونا چاہئے کہ قوم کو پتہ چلے کہ کیا اپوزیشن شفاف الیکشن چاہتی ہے اور کرپشن کے خلاف ہے کہ نہیں۔

وزیراعلی محمود خان نے کہا کہ صوبے کے پچھلے وزیر اعلیٰ نے اپنی حکومت میں جائیدادیں بنائیں اور میں نے اپنے باپ دادا کی جائیداد فروخت کر کے کم کر دی ہے۔

تحریک انصاف کے ایم پی اے امیرفرزند خان کے حجرے میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران انہوں نے آئندہ بجٹ میں مردان کی سڑکوں کی تعمیر کے لئے دو ارب روپے پیکج دینے کا اعلان کیا جبکہ باچا خان میڈیکل کالج میں مختلف ترقیاتی کاموں کے لئے ایک ارب بیس کروڑ روپے کا بھی اعلان کر دیا۔

وزیراعلی محمود خان نے مردان میں سیف سٹی پراجیکٹ کا بھی افتتاح کیا جس کے زریعے مردان میں مختلف مقامات پر سولہ سیفٹی کیمرے نصب کئے گئے ہیں جبکہ اس پراجیکٹ پر تیس ملین روپے کی لاگت آئی ہے۔

اس کے علاوہ وزیر اعلی نے باچا خان میڈیکل کالج میں ستر ملین کی لاگت سے مکمل ہونے والے سٹیٹ آف دی آرٹ جمنازیم اور پچاس ملین کی لاگت سے تعمیر ہونے والے ایڈمینسٹریشن بلاک کا بھی افتتاح کیا۔

اس موقع پر وزیراعلی نے کاٹلنگ تا جلالہ ایکسپریس کی فزیبلٹی رپورٹ تیار کرنے کے احکامات بھی جاری کئے ۔

دورے کے دوران مردان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں ضلع مردان کے عوام کے لئے صحت سہولت پروگرام کا بھی افتتاح کیا جس کے تحت دس لاکھ روپے فی خاندان پر خرچ ہوں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button