خیبر پختونخوا

‘خیبر پختونخوا کوابتدائی طور پر سولہ ہزار کرونا ویکسین موصول ہوئی ہیں’

 

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کورونا ویکسینیشن کا افتتاح کردیا۔ افتتاح کے بعد وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے خیبر پختونخوا کوابتدائی طور پر سولہ ہزار ویکسین موصول ہوئی ہیں، وفاقی حکومت کی گائیڈ لائنز کے مطابق یہ ویکسین صوبے کے 8 اضلاع میں ہیلتھ ورکرز کو لگائے جائیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہیلتھ ورکرز کا تحفظ ہماری پہلی ترجیح ہے۔ ویکسین کی فراہمی کے لئے وفاقی حکومت اور وزیراعظم کے مشکور ہیں، پاکستان کو کورونا ویکسین کی فراہمی پر ہم دوست ملک چین کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں، خیبر پختونخواہ میں اب تک 3194 ہیلتھ ورکرز کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ32 شہید ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا صورتحال میں ہیلتھ ورکرز بشمول ڈاکٹرز ,نرسز ,پیرامیڈکس اور دیگر عملے کی خدمات قابل ستائش ہیں, صوبائی حکومت ان کی بے لوث خدمات اور قربانیوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، فرنٹ لائن ورکرز اس قوم کے اصل ہیرو ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر دوسروں کی جانیں بچانے کے لئے خدمات انجام دیں۔

انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت کی کامیاب حکمت عملی سے ہم کرونا کی پہلی لہر سے سے موثر انداز میں نمٹنے میں کامیاب ہوئے ہیں، کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کے لیے مربوط انداز میں اقدامات جاری ہیں۔

کرونا ویکسین اس وباء سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے بہت زیادہ مددگار ثابت ہوگی، موجودہ حکومت اس وباء سے اپنے فرنٹ لائن ورکرز اور عوام کو تحفظ دینے کے لیے تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھارہی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button