میڈیکل کے طلباء کے لئے خوشخبری، میڈیکل نشستوں میں اضافے کی منظوری
باچاخان میڈیکل کالج اور باچاخان کالج آف ڈینٹسٹری کے لئے میڈیکل نشستوں میں اضافے کی منظوری دے دی گئی۔
اس سلسلے میں ڈین / چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) پروفیسر ڈاکٹر محمد فاضل نے باچا خان میڈیکل کالج (بی کے ایم سی) نے بی کے ایم سی اور باچا خان کالج آف ڈینٹسٹری (بی کے سی ڈی) مردان کے لئے میڈیکل نشستوں میں اضافے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے مستحق طلباءمستفید ہونگے۔پروفیسر ڈاکٹر محمد فاضل نے کہا کہ اس کامیابی کا سہرا بورڈ آف گورنرز (بی او جی) میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوشن (ایم ٹی آئی) مردان ، انتظامیہ ، فیکلٹی اور عملے کے ممبروں کو جاتا ہے۔
انہوں نے بی او جی ، ہسپتال اور کالج انتظامیہ اور فیکلٹی ممبران کو اس کارنامے کے حصول کے لئے موثر کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا اور دلی مبارکباد پیش کی۔پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) نےخیبرپختونخوا حکومت کی درخواست پر اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) کی سفارش کی روشنی میں بی کے ایم سی اور بی کے سی ڈی مردان کی طلبہ کی نشستوں میں سو فیصد اضافے کی منظوری دی ہے۔
پی ایم سی نے بی کے ایم سی کے لئے بیچلر آف میڈیسن اور بیچلر آف سرجری (ایم بی بی ایس) کی نشستیں 50 سے بڑھا کر 100 اور بی کے سی ڈی کے لئے بیچلر آف ڈینٹل سرجری (بی ڈی ایس) کی نشستوں کو بالترتیب 25 سے بڑھا کر 50 کردیا ہے۔پی ایم سی نے خیبر پختونخوا کے دیگر میڈیکل کالجوں کی نشستوں میں 10 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے۔
میڈیکل کالجوں کے لئے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس نشستوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کے لئے کے ایم یو کی ایک معائنہ کرنے والی ٹیم نےاس سے قبل بی کے ایم سی اور بی کے سی ڈی کا دورہ کیا تھا۔ معائنہ کرنے والی ٹیم جس میں مختلف شعبوں کے ماہرین شامل تھے نے ڈین / سی ای او پروفیسر ڈاکٹر محمد فاضل کی درخواست پر یہ دورہ کیا تھا۔پروفیسر ڈاکٹر محمد فاضل نے بتایا کہ صوبے میں میڈیکل کالجوں میں نشستوں کی تعدادمحدود ہونے کی وجہ سے سینکڑوں طلباءکو میڈیکل تعلیم حاصل کرنےکے لیے بیرون ملک جانا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم ایم بی ایس اور بی ڈی ایس نشستوں کی تعداد بڑھانا وقت کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ نشستوں میں اضافہ سے مستحق طلبہ کو بیرون ملک جانے کی بجائے صوبے میں میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
ڈین نے بتایا کہ دونوں کالجوں میں زیادہ سے زیادہ میڈیکل طلباء کے اندراج کے لئے درکار تمام سہولیات موجود ہیں۔
چیئرمین بی او جی ڈاکٹر سید فضل ہادی نے اس سنگ میل کو عبور کرنے پر ڈین اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ وہ طلباءجو میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں اور وہ نجی کالجوں میں بھاری داخلہ اور ٹیوشن فیس ادا کرنے یا بیرون ملک جانے کی استطاعت نہیں رکھتےان اور ان کے والدین کے لئے یہ بڑی خوشخبری ہے۔