خیبر پختونخوا

باچا خان یونیورسٹی چارسدہ میں طالبات کے لئے عبایا لازمی قرار، ہیل پہننے پر پابندی

باچاخان یونیورسٹی میں طالبات کے میک اپ کرنے اور سکن ٹائٹس پہننے پر پابندی کی سفارشات مرتب کرلی گئیں۔ گزشتہ روز باچا خان یونیورسٹی چارسدہ میں میں نویں اکیڈمک کونسل کا اجلاس ہوا جس کی صدارت باچا خان یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد نے کی۔ اکیڈمک کونسل نے فیکلٹی ممبران اور طلبا ء و طالبات کے لئے یونیورسٹی کے اندر ثقا فت اور مذہبی احکامات کے پیش نظر موزوں لباس پہننے کے لئے قواعد وضوابط کے سفارشات مرتب کرلیے ہیں جسکی حتمی منظوری سینڈیکیٹ کے اجلاس میں دی جائے گی۔

سفارشات کی روشنی میں طالبات کے لئے کالے رنگ کے ڈھیلے عبایاکے ساتھ سفید یا کالے رنگ کا سکارف یا سفید رنگ شلوار اور چادر کے ساتھ قمیص، کالے رنگ کے ہموار چپل پہننے اور یونیورسٹی کارڈ گلے میں آویزاں کرنا لازمی ہوں گے۔ہر قسم کے جینز، ٹائٹس، ٹی شرٹس، ٹراوزرز، شارٹ شرٹس، میک اپ کرنے اور جیولری پہننے، فینسی پرس لانے، باریک لباس اور ہیلز پہننے پر پابندی عائد ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: ہزارہ یونیورسٹی میں طالبات کے بناؤ سنگھار، شرٹ/فِٹ جینز پر پابندی عائد

طلبا ء کو بلیو یا کالے رنگ کے ڈریس پتلون کے ساتھ پلین شرٹس پہننے، کالے یا براؤن رنگ کے جوتے پہننے، سردیوں میں صاف ستھرا شلوار قمیص ساتھ کا لے یا ڈارک بلیو رنگ کے واسکٹ یا کوٹ، سویٹر، پلین جیکٹ، کسی بھی رنگ مفلر پہننے کے ساتھ یونیورسٹی میں اندر داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔موسم سرما میں صاف ستھرا قمیص شلوار پہننے کی اجازت ہوگی۔طلبا ء کے لئے بھی یونیورسٹی کا کارڈ گلے میں آویزاں کرنا لازمی ہوگا۔شارٹس، کٹ آف جینز اور سکن ٹائٹ جینز،پلاسٹک چپل، سپورٹس شوز، بالیاں،جینز، وریسٹ بینڈز پہننے بھی طلباء کے لئے اچازت نہیں ہوگی۔

اجلاس میں اساتذہ کے لئے کالے رنگ کے گاون کے ساتھ صاف ستھرا پروقار لباس پہننے اور گلے میں یونیورسٹی شناختی کارڈ آویزاں کرنا لازمی قراردیا گیا ہے۔اساتذہ پر بھی جینز، چپل، بالیاں، جینز، وریسٹ بینڈزپہننے پر پابندی عا ئد ہوگی جبکہ خواتین اساتذہ پر بھی شارٹ شرٹس پہننے پر پابندی ہوگی۔

اس کے علاوہ باچا خان یونیورسٹی چارسدہ کے وائس چانسلر  نے ہدایا ت دی ہیں کہ طلباء و طالبات کے لئے یونیورسٹی کے اندر قرآن پاک کو مفصل ترجمہ وتفسیر کے ساتھ پڑھانے اور سکھانے کے لئے خاطرخواہ بندوبست کیا جائے، قرآن کریم کو سمجھنا اور سیکھنا ہر مسلمان کا فریضہ ہے یونیورسٹی کے بچوں کو اس قابل بنائیں کہ وہ کم سے کم قرآن پاک کے بنیا دی رہنما اصول سمجھ کر اس سے مستفید ہوں اور وہ اسلام کے صحیح داعی بن جائیں۔

اجلاس میں رجسٹرار سید عارف حسین شاہ، ڈائریکڑ اے ایس آر بی ڈاکٹر حسین گلاب اور کونسل کے بیرونی ممبران پرنسپل گورنمنٹ خواتین کالج چارسدہ مس رابعہ اور پرنسپل گورنمنٹ کالج چارسدہ رضا شاہ بھی موجود تھے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ طلبا ء طالبات کو قرآن پاک ترجمہ و تفسیر کے ساتھ پڑھانے اور اس کو تمام طلبہ کے لئے نصاب کا حصہ بنانے کے لئے ترتیب بنائے تاکہ سینڈیکیٹ سے اسکی باقاعدہ منظوری لی جائے۔

دوسری جانب یونیورسٹی کے ترجمان حکیم مومند نے ٹی این این کو بتایا کہ یہ سفارشات گورنر خیبرپختونخوا کی ہدایات کی روشنی میں مرتب کی گئی ہے اور اس کا حتمی فیصلہ سینیڈیکیٹ کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button