سردیوں کی سوغات: گاجر کا حلوہ کیسے تیار کیا جاتا ہے؟
سدرہ آیان
سردیوں کے آتے ہی گرم تاثیر رکھنے والی غذاؤں اور حلووں کا استعمال بڑھ جاتا ہے جن سے غذائیت اور ذائقے سمیت جسم میں حرارت بھی پیدا ہوتی ہے اور سردی کم لگتی ہے۔
اکثر اوقات موسم سرما کے آغاز ہی میں گھروں میں مختلف قسم کے روایتی حلوے بننا شروع ہو جاتے ہیں، یہ روایت صدیوں سے چلتی آ رہی ہے، ان حلووں کا انسانی صحت پر براہ راست مثبت اثر پڑتا ہے جس کے سبب سردیوں کا دورانیہ آسانی سے گزر جاتا ہے۔
گاجر کا حلوہ سردیوں کی خاص سوغات ہے اور یہ صحت کے لیے نہایت مفید بھی ہے، آج ہم آپکو گھر میں گاجر کا حلوہ بنانے کی آسان ترکیب سے سکھائیں گے جس کے بعد آپ اس قابل ہوجائیں گے کہ گھر میں آسانی سے گاجر کا حلوہ بناسکیں۔
گاجر کا حلوہ بنانے کے لیے درکار اجزا:
گاجر 2 کلو،
خشک دودھ 6 کپ،
چینی 4 کپ،
چھوٹی الائچی 10 عدد،
بادام 15 عدد،
پستے 15 عدد،
چاندی کے ورق 6 عدد،
اخروٹ کی گریاں 12 دانے اور گھی دو پیالیاں ( دیسی گھی کا اگر استعمال کیا جائے تو بہتر ہوگا)
ڈرائی فروٹ اپنی پسند کے مطابق کم یا زیادہ بھی کر سکتے ہیں۔
گاجر کا حلوہ بنانے کی آسان ترکیب:
گاجر کو باریک کدو کش کر لیں بادام کو گرم پانی میں بگھو کر چھلکے اتار لیں، اب باداموں اور اخروٹ کو باریک باریک کاٹ لیں اور الائچی کو دو چمچ چینی کے ساتھ باریک پیس لیں۔
اب کدو کش کی ہوئی گاجروں کو ایک پتیلے میں ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے کے لیے رکھ دیں، گاجروں کو اتنا پکائیں کے ان میں سے پانی خشک ہو جائے۔
اس کے بعد ایک پتیلی میں گھی ڈال کر گرم کریں اور اس میں الائچی ڈال دیں تھوڑی دیر بعد گاجر اور دودھ ڈال کر ہلکی آنچ پر آہستہ آہستہ بھونیں۔ گاجریں جب براؤن ہونا شروع ہو جائیں تو چینی اور اخروٹ ڈال دیں۔ اب مزید بھونیں اور جب شیرا خشک اور شیرا گڑھا ہونے لگے تو حلوہ چولہے سے اتار لیں۔ گاجر کا حلوہ تیار ہے، اب ایک باؤل میں گھی لگا کر اس میں حلوہ ڈال دیں۔
اب اس گاجر کے حلوے کو ڈرائی فروٹ اور چاندی کے ورق سے سجا دیں۔ سردیوں کی مزیدار سوغات گاجر کا لذیذ حلوہ تیار ہے۔