خیبر پختونخوا

کوہاٹ، تیز رفتار ڈمپر اور رکشہ میں خوفناک تصادم، 3 بہنیں جاں بحق

کوہاٹ شہر کے قریب بائی پاس روڈ پر تیزرفتار ڈمپر اور آٹو رکشہ میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں تین بہنیں جاں بحق اور ماں دو بیٹیوں سمیت شدید زخمی ہو گئیں جبکہ حادثے میں رکشہ ڈرائیور بھی زخمی ہو گیا۔

ریسکیو 1122 اور پولیس ترجمان کے مطابق ہفتہ کی شام والدہ اپنی پانچ بیٹیوں کے ہمراہ ایک رکشہ میں سوار ہو کر کوہاٹ شہر سے اپنے گھر جا رہی تھیں کہ شہر کے قریب بائی پاس روڈ پر رکشہ مخالف سمت سے آنے والے تیزرفتار ڈمپر سے ٹکرا گیا جس کے باعث رکشہ میں سوار 3 بہنیں موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ماں دو بیٹیوں اور رکشہ ڈرائیور سمیت شدید زخمی ہو گئیں۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور امدادی کاروائیاں شروع کر کے جاں بحق و زخمی افراد کو ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال کوہاٹ منتقل کر دیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق خواتین کی شناخت 35 سالہ نگینہ بی بی ‘ 8 سالہ خدیجہ بی بی اور 5 سالہ روشنی بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔

جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق نواحی علاقہ نوی کلے کے ایک ہی گھرانے سے بتایا جاتا ہے جبکہ حادثہ میں رکشہ ڈرائیور سلیمان زخمی ہو گیا۔

بتایاجاتا ہے کہ حادثہ کے فوری بعد ڈمپر کا ڈرائیور جائے حادثہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، پولیس سٹیشن جنگل خیل نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

علاوہ ازیں ضلع خیبر سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے فائرنگ واقعات اور ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت چھ افراد جاں بحق جبکہ 15 سے زائد زخمی ہوئے۔

سابق ویلج ناظم مقتول قمر الزمان کی فائل فوٹو

نمائندہ ٹی این این کے مطابق ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کے قبیلہ شلوبر کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قبیلہ شلوبر سے تعلق رکھنے والے راہد ولد میر محمد کو سواتی ادیرہ کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تاہم ابتک کسی کو حراست میں لینے کی اطلاعات نہیں۔

اسی طرح تحصیل صوابی مردان روڈ پر رحمان ہسپتال کے سامنے فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد موقع پر جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔

ریسکیو 1122 کنٹرول روم کو اطلاع موصول ہوتے ہی ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے اسے اور ساتھ ہی ڈیڈ باڈیز کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال صوابی منتقل کر دیا۔

جاں بحق ہونے والوں میں سابق ویلج کونسل ناظم قمر زمان، راہ گیر سکول ٹیچر تاج محمد اور ملک سید شامل ہیں جبکہ زخمی کی شناخت عمران علی کے نام سے ہوئی۔

اُدھر تخت بھائی کے علاقہ جعفر ڈھیری میں شادی شدہ خاتون نے گھر کے اندر پستول سے اپنے آپ پر فائرنگ کر کے زندگی کا خاتمہ کر دیا۔

پولیس تھانہ ساڑوشا کے مطابق جعفر ڈھیری سے تعلق رکھنے والی 35 سالہ سکول ٹیچر ناہید ذوجہ اسفندیار نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر پستول سے فائرنگ کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کر دیا۔

تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تخت بھائی میں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش کو ورثاء کے حوالے کردیا، متوفیہ کے شوہر اسفندیار ایم ایم سی مردان میں ایم بی بی ایس ڈاکٹر کی حیثیت سے اپنی ڈیوٹی سر انجام دیتے ہیں۔ ساڑوشاہ پولیس نے خودکشی کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی۔

 

دوسری جانب مردان طورو ولی انٹرچینج کے قریب بائی پاس پر ٹریفک حادثے میں 1 مسافر جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہو گئے، زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

نمائندہ ٹی این این کے مطابق پشاور سے بارات کیلئے شیرا غنڈ مردان آنے والی فلائنگ بے قابو ہو کر الٹ گئی، ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ تیزرفتاری کے باعث پیش آیا، اطلاع موصول ہونے پر ریسکیو 1122 ایمبولینسز اور میڈیکل ٹیمز موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دیتے ہوئے مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا۔

اسی طرح شمالی وزیرستان میں میرانشاہ روڈ ايشا چیک پوسٹ کے قریب ایک موٹر کار اچانک ڈرائیور سے بے قابو ہو کر کھائی میں گر گئی، موٹر کار میں چار افراد سوار تھے، کنٹرول روم کو اطلاع ملتے ہی میڈیکل ٹیم نے زخمیوں کو عین موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کر دی اور مزید علاج کیلئے DHQ ہسپتال میرانشاہ منتقل کر دیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button