خیبر پختونخوا، 9 محکموں کو 35 کروڑ روپے کی 70 نئی گاڑیاں خریدنے کی اجازت
خیبر پختونخوا حکومت نے 9 محکموں کو 35 کروڑ روپے سے 70 نئی گاڑیاں خریدنے کی اجازت دے دی، تمام محکموں کو پرانی اور ناکارہ گاڑیاں محکمہ انتظامیہ کے سپرد کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔
سیکرٹری خزانہ خیبر پختونخوا کی سربراہی میں ٹرانسپورٹ کمیٹی کے اجلاس کے دوران 13 محکموں کی جانب سے نئی گاڑیاں خریدنے کی اجازت طلب کی گئی تھی تاہم 4 محکموں کیلئے نئی گاڑیاں خریدنے کی اجازت نہیں دی جا سکی جبکہ 9 محکموں کو نئی گاڑیاں خریدنے کی اجازت دیدی گئی۔
معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت محکمہ خزانہ سے حاصل کردہ دستاوزات کے مطابق محکمہ ترقی و منصوبہ کے کوہاٹ ڈویژن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت 6 کروڑ 15لاکھ روپے سے 9 ٹویوٹا ریو خریدی جائیں گی جن میں 4 پراجیکٹ منیجمنٹ یونٹ، 2 ڈسٹرکٹ منیجمنٹ یونٹ ہنگو اور دو ڈسٹرکٹ مینجمنٹ یونٹ کیلئے ہوں گی جبکہ ایک پراجیکٹ سپورٹ یونٹ کیلئے خریدی جائے گی۔
اسی طرح محکمہ مال کی جانب سے کمشنر بنوں کیلئے ایک ٹویوٹا جی ایل آئی، ایڈیشنل کمشنر کیلئے بھی ایک ٹویوٹا جی ایل آئی، اسسٹنٹ برائے کمشنر برائے مال کیلئے ایک ہزار سی سی جبکہ اسسٹنٹ برائے کمشنر ڈویلپمنٹ کیلئے بھی ایک ہزار سی سی گاڑی خریدنے کی منظوری دی گئی جس پر 96 لاکھ 73 ہزار روپے خرچ ہوں گے۔
محکمہ بلدیات کی جانب سے مجوزہ 36 گاڑیوں کی خریداری کی منظوری دی گئی جن میں محکمہ بلدیات سیکرٹریٹ کیلئے 5 گاڑیاں شامل ہیں، ان میں سپیشل سیکرٹری بلدیات کیلئے 1800 سی سی ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ، ایڈیشنل سیکرٹری اسٹبلشمنٹ اور چیف پلاننگ آفیسر کیلئے 1300 سی سی کی گاڑیاں جبکہ سینئر پلاننگ آفیسر کیلئے ہزار سی سی کی گاڑی خریدنے کی اجازت دیدی گئی۔
اسی طرح اسسٹنٹ انجینئر بلدیات ضلع بونیر کیلئے 4×2 سنگل کیبن پک اپ خریدی جائے گی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نوشہرہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ نوشہرہ، اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ، اسسٹنٹ کمشنر پبی اسسٹنٹ کمشنر جہانگیرہ اور ایک پول کیلئے ڈبل کیبن ہائی کیپسٹی انجن گاڑیاں خریدی جائیں گی۔
ڈپٹی کمشنر لوئر کوہستان کیلئے 2800 سی سی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لوئر کوہستان فنانس اینڈ پلاننگ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لوئر کوہستان اور اسسٹنٹ کمشنر کیلئے 2 ہزار 755 سی سی کی گاڑیاں خریدنے کی اجازت دیدی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر بونیر کیلئے ٹویوٹا کورولا الٹس 1.6، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل بونیر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیومن ریسورس، اسسٹنٹ کمشنر ڈگر، گدیزئی، چغرزئی اور دو پول کیلئے ٹویوٹا ریوو جی 4×4 خریدی جائیں گی۔
محکمہ خزانہ نے 7 قبائلی اضلاع کے ضلعی ترقیاتی مشاورتی کمیٹیوں کے چیئرمینوں کیلئے 7 پک اپ ڈبل کیبن 4×4 جبکہ ضم اضلاع بلدیات ڈائریکٹوریٹ کیلئے ایک 4×4 ریوووی خریدی جائے گی۔
محکمہ بہبود آبادی کو ایک 1300 سی سی جبکہ دو سوزوکی بولان 800 سی سی خریدنے کی اجازت دی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا پبلک سروس کمیشن میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن، ڈپٹی ڈائریکٹر امتحانات اور ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی کیلئے ہزار سی سی کی تین گاڑیاں 56 لاکھ 70 ہزارروپے سے خریدنے کی منظوری دیدی گئی، انجینئرنگ یونیورسٹی سوات کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کیلئے 1800 سی سی جبکہ ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز اور پروکیورمنٹ منیجر کیلئے 1300 سی سی کی گاڑیاں ایک کروڑ 45 لاکھ روپے سے خریدنے کی منظوری دی گئی ہے۔
محکمہ سیاحت کھیل و ثقافت میں ایڈیشنل سیکرٹر ی کیلئے ایک ہزار 329 سی سی، ڈپٹی ڈائریکٹر کیلئے ایک ہزار سی سی، خیبر پختونخوا میں مستقبل میں قائم کئے جانے والے جوان مراکز کی نگرانی کیلئے 2800 سی سی کی 4×4 گاڑی، 7 قبائلی اضلاع میں یوتھ ڈویلپمنٹ پیکیج کی نگرانی کیلئے 2800 سی سی کی گاڑی اور ضم اضلاع کیلئے سیاحت کے محکمہ کو شروع کرنے کیلئے ایک ہزار سی سی کی گاڑی 4 کروڑ 33 لاکھ 76 ہزار روپے سے خریدنے کی منظوری دی گئی ہے۔
اسی طرح محکمہ توانائی و منصوبہ بندی میں سپیشل سیکرٹری اور ایڈیشنل سیکرٹری کیلئے ٹویوٹا یارس ایک ہزار 329 سی سی جبکہ ڈپٹی سیکرٹری کیلئے سوزوکی کلٹس ایک ہزار سی سی گاڑی 50 لاکھ روپے سے خریدنے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ محکمہ زراعت میں ایڈیشنل سیکرٹری کیلئے 1300 سی سی جبکہ دو ڈپٹی سیکرٹریز کیلئے ایک ہزار سی سی کی دو گاڑیاں 96 لاکھ 73 ہزار روپے سے خریدنے کی اجازت دی گئی۔