چترال: امریکی شکاری کا سب سے بڑے سینگوں والے مارخور کا شکار
ضلع چترال میں امریکی شکاری نے سب سے بڑے سینگوں والے مارخور کا شکار کر لیا۔ امریکی شہری ایڈور جوزف نے چترال کے علاقہ توشی میں مارخور کا شکار کیا۔
ڈی ایف او لوئر چترال کےمطابق مار خور کی عمر دس سال اور سینگ 44 انچ لمبے ہیں، امریکن شکاری نے ٹرافی ہنٹنگ کی غرض سے مارخور کے شکار کے لیے 88 ہزار ڈالر جمع کرائے تھے۔ قدرتی وسائل کی حفاظت کی عالمی تنظیم بین الاقوامی اتحاد برائے تحفظ قدرت کے مطابق مار خور کو ان جانوروں میں شمار کیا جاتا ہے جن کا وجود خطرے میں ہے۔
خیبر پختونخوا کے وائلڈ لائف کنزرویٹر ڈاکٹر محسن فاروق کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ مارخور کے شکار کے پرمٹ سے حاصل کردہ رقم مقامی لوگوں کی فلاح کے منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس رقم سے خطے میں وائلڈ لائف کے تحفظ کے لیے اقدامات بھی اٹھائے جائیں گے۔
ڈاکٹر محسن فاروق کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت سالانہ بنیادوں پر مارخور کے شکار کے لیے چار پرمٹ جاری کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تین پرمٹ چترال میں مارخور کے شکار کے لیے جاری کیے جاتے ہیں جب کہ ایک کوہستان میں شکار کے لیے جاری ہوتا ہے۔