‘شوہر اکثر لڑتا تھا اس لیے اس کو موت کے گھاٹ اتار دیا’
نوشہرہ کے علاقے اکبرپورہ میں ایک ہفتے قبل گھر کے اندر پراسرار طور پر قتل کاڈراپ سین ہوگیا، مقتول کی بیوی قاتلہ نکلی۔
حنیف اللہ ساکن تازہ گل گڑھی اکبرپورہ نے 27-12-2020 کو پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے کہا کہ میرا بیٹا اپنی بیوی بچوں کیساتھ میرے گھر کے قریب رہائش پذیر ہے۔ رات کو بہو نے آکر کہا کہ نامعلوم ملزم نے میرے بیٹے پر فائرنگ کرکے قتل کر دیا ہے جس پر تھانہ اکبر پورہ میں مقدمہ نمبر471 مورخہ 27-12-2020 جرم 302 درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔
ڈسٹرکٹ پولیس افیسر کیپٹن(R)نجم الحسنین نے گھر کے اندر پراسرار طور پرقتل کا نوٹس لیتے ہوئے طیب جان DSPپبی کی سربراہی میں پر مشتمل ٹیم تشکیل دیکر ملزم کی گرفتاری کاٹاسک حوالہ کیا۔ پولیس نے اپنی تفتیش پیشہ وارانہ انداز میں شروع کرکے مختلف زاویوں سے تفتیش کی۔
تفتیش کے دوران حالات اور شواہد سے تفتیشی افسران کو مقتول کی بیوہ کے بیانات پر شک ہوا۔جس کو باقاعدہ طور پر شامل تفتیش کیا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف جرم کر تے ہوئے سب اُگل دیا کہ مقتول اکثر اُس کے ساتھ لڑتا اور ضروریات زندگی کی چیزیں فراہم نہیں کرتا۔ رات کو سونے سے پہلے بے ہوشی کی دوا کھانے کی چیزوں میں ملا کردی اور رات کو موت کے گھاٹ اُتار دیا۔