خیبر پختونخوا

خیبر پختونخوا بھر میں کل سے سال نو کی پہلی بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے کل (اتوار) شام سے خیبر پختونخوا سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں سال نو کی پہلی بارش کی پیشگوئی کر دی، اس ضمن میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پراونشل ڈزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کر دی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ موسمیات نے اتوار کے روز سے صوبہ بھر میں بارشوں جبکہ پہاڑوں پر برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کی ہے جو منگل کے روز تک جاری رہے گا، اس دوران ضلع دیر، سوات، بونیر، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کوہاٹ، پشاور اور کرم میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے تمام اضلاع کی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات، بالائی علاقوں میں چھوٹی بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنانے جبکہ سیاحوں کو موسمی صورتحال سے باخبر رکھنے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان کے مطابق سیاح دوران سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل فعال ہے، عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button