کرک: مندر کو مسمار کرنے کے الزام میں مرکزی ملزم سمیت 35 افراد گرفتار
پولیس نے کرک میں مندر کو مسمار کرنے کے الزام میں مرکزی ملزم سمیت 35 افراد کو گرفتار کرلیا۔ آئی جی خیبرپختونخوا ثناء اللہ عباسی نے کرک میں متاثرہ مندر کا دورہ کیا اور اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کرک واقعے کے مرکزی ملزم مولوی شفیق سمیت 35 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
آئی جی کے پی کا کہنا تھا کہ واقعے کی وسیع پیمانے پر تفتیش جاری ہے، واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اوراقلتیوں کو مکمل تحفظ دیا جائے گا۔
ثناء اللہ عباسی کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کو برابر مذہبی، سیاسی اور سماجی آزادی حاصل ہے، اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی حفاظت یقینی بنانے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔
یاد رہے کرک تحصیل بانڈہ کے علاقہ ٹیری میں موجود ہندؤں کے مندر میں توسیع کی جارہی تھی جس پر مقامی علماء اور عوام شدید مشتعل تھے اور گزشتہ روز بدھ کی صبح مندر پر چڑھائی کرتے ہوئے عمارت کو آگ لگادی اور اسے مسمار کردیا۔