‘یکم جنوری سے خیبر پختونخوا کے ہر گھر کو صحت انصاف کارڈ ملے گا’
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سال نو کے آغاز پر یکم جنوری سے خیبر پختونخوا کے ہر گھر کو صحت انصاف کارڈ ملے گا اب شناختی کارڈ ہی صحت انصاف کارڈ تصور ہو گا اس کارڈ کے ذریعے سالانہ دس لاکھ روپے تک سرکاری ہسپتالوں میں مفت علاج اور آپریشن کروائے جاسکیں گے جو وزیر اعظم عمران خان کا صوبہ خیبر پختونخوا کے عوا م کے لئے سب سے بڑا تحفہ ہے۔
موضع بام خیل میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنے ہمسائے ملک افغانستان کے ساتھ نئے سرے سے تعلقات قائم کر رہے ہیں ‘افغان صدر اشرف غنی اور وزیر اعظم عمران خان ایک دوسرے کے ملک کا دورہ کر چکے ہیں جبکہ میں بھی خود عنقریب افغانستان کا دورہ کر رہا ہوں انہوں نے کہا کہ افغانستان تجارت میں اضافہ کرنا چاہتا ہے اور اس کی سب سے بڑی مارکیٹ وسطی ایشیاء کے ممالک ہیں اسی طرح تجارت کیلئے ٹرانسپورٹ فری مومنٹ کی سہولت دی جائے گی تاکہ راستے میں کسی ملک کو ٹیکس ادا کرنا پڑے ‘ پشاور سے طورخم، لنڈی کوتل تک موٹر وے بھی تعمیر کی جائیگی‘ رشکئی کے مقام پر پاک چائنہ اکنامک زون کے قیام سے علاقے میں بے روزگاری کا خاتمہ ہو جائیگا۔
انہوں نے صوبہ بھر کے پختون عوام سے اپیل کی کہ آپس میں دشمنیوں اور رنجشوں کی بجائے بھائی چارے کی فضا ء قائم کریں کیونکہ قتل مقاتلوں سے کسی کو کچھ ہاتھ نہیں آسکتا ہے‘ انہوں نے کہا کہ موضع بام خیل میں پروٹیکشن وال، سڑکوں اور گلیوں کیلئے 17.4 ملین کی رقم کی منظور ہو چکی ہے جس پر جلد کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔
گیس سکیم پر 10 کروڑ روپے لاگت آئی ہے جو 22 کلو میٹر طویل پائپ لائن ہے جس کا افتتاح جلد کر دیا جائے گا ‘سپیکر نے کہا کہ موضع کھنڈہ میں زچہ بچہ ہسپتال کی منظوری دے دی گئی ہے جس پر بہت جلد کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔