خیبر پختونخوا

خیبر، مردان، ڈیرہ اور لکی میں حادثات و واقعات، 6 افراد جاں بحق 11 زخمی

ضلع خیبر، مردان، لکی مروت اور ڈیرہ اسمعیل خان میں پیش آنے والے حادثات و واقعات میں میاں بیوی سمیت چھ افراد جاں بحق جبکہ بچوں سمیت 11 افراد زخمی ہو گئے۔

ضلع خیبر کی باڑہ تحصیل کے مختلف علاقوں میں مختلف واقعات میں دو افرد جاں بحق ہوئے۔

ذرائع کے مطابق پہلا واقعہ قبیلہ اکاخیل کے علاقے زولی خیل اکسچینج کے علاقے میں پیش آیا، جہاں زمینی تنازعے پر فریقین کے مابین فائرنگ سے شینے نامی شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دوسرا واقعہ تیراہ میدان میں پیش آیا جہاں قببیلہ ملک دین خیل کے علاقہ نوے باغ کالانہ میں طالب جان نامی ٹریکٹر ڈرائیور کھیت میں کام کر رہا تھا کہ دوران کام ٹریکٹر الٹ گیا جس میں ڈرائیور طالب جان ولد سیال خان ملک دین زخمی ہو گیا، مجروح ہسپتال منتقلی کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان شہر سے کچھ فاصلے پر تھانہ یونیورسٹی کی حدود اُبھایا پل کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے بھٹہ خشت پر کام کرنے والے میاں بیوی کو قتل کر دیا، ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس کے مطابق مقتول حضرت اللہ اور اس کی بیوی کا تعلق ضلع بنوں سے تھا اور چند روز قبل اینٹوں کے بھٹے پر مزدوری کیلئے آئے تھے، پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

دوسری جانب لکی مروت میں بنوں ڈیرہ روڈ پر ٹریفک کے مختلف حادثات میں دو افراد جاں بحق جب کہ چار افراد زخمی ہو گئے۔

نمائندہ ٹی این این کے مطابق گذشتہ روز بنوں ڈیرہ روڈ پر تترخیل بائی پاس پر مرغیوں سے بھری ڈاٹسن تیزرفتاری کے باعث درخت کے ساتھ ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں بنوں میراخیل سے تعلق رکھنے والے تاج محمد اور عبداللہ جاں بحق ہو گئے جب کہ ایک شخص زخمی ہو گیا اور متعدد مرغیاں ہلاک ہو گئیں۔

اسی طرح پیزو کے مقام پر موٹر کار حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہو گئے حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیمیں ہمراہ ایمبولینس موقع پر پہنچ گئیں اور زخمی شخص کو ڈی ایچ کیو ہسپتال لکی مروت اور ٹی ایچ کیو ہسپتال پیزو منتقل کردیا۔

ادھر مردان میں بونیر روڈ پر موٹر سائیکل اور چنگ چی رکشہ کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 4 افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد ٹائپ ڈی ہسپتال رستم منتقل کر دیا گیا۔

زخمیوں میں بونیر سے تعلق رکھنے والے 14 سالہ طارق جمیل، 9 سالہ ذیشان، 25 سالہ آصف خان اور 21 سالہ طاہر سکنہ خالق آباد رستم، مردان شامل ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button