نوشہرہ، شوہر نے غیرت کے نام پر تین بچوں کی ماں کو ذبح کر دیا
نوشہرہ کے علاقے ولے میں شوہر نے غیرت کے نام پر تین بچوں کی ماں کو شدید تشدد کے بعد چھری سے ذبح کر دیا۔
نوشہرہ پولیس کے مطابق مقتولہ کے بھائی خالد نے رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ زاہدہ بی بی کی شادی ملزم جانس سے 13 سال قبل ہوئی تھی جس سے اس کے تین بچے بھی تھے، نشی اور شکی مزاج شوہر اکثر زاہدہ پر تشدد کرتا تھا۔
تھانہ میں درج رپورٹ کے مطابق تین چار مرتبہ زاہدہ بی بی ناراض ہو کر میکے بھی جا چکی تھی، آج شوہر نے زاہدہ بی بی کو گھر کے اندر باندھ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر کچن سے چھری لا کر اس کو ذبح کر دیا، زاہدہ بی بی شور مچاتی رہی مگر کوئی اس کی مدد کے لیے نہیں آیا۔
پولیس کے مطابق میت ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال نوشہرہ منتقل کر دی گئی جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔
مقتولہ زاہدہ بی بی کے بھائی خالد کی مدعیت میں تھانہ نوشہرہ کلاں میں بہنوئی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔