مردان پولیس نے 12 سالہ مغوی بچے کو بازیاب کر لیا، دو اغواکار گرفتار
مردان پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 12 سالہ مغوی بچے محمد اسحاق کو بازیاب جبکہ دو اغواکاروں کو گرفتار کر لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق مسمی غنچہ گل نے تھانہ چورہ میں تین روز قبل اپنے بیٹے محمد اسحاق بعمر 12 سال کی گمشدگی رپورٹ کی جس پر مقامی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ہر جگہ گمشدہ بچے کی تلاش شروع کر دی اور مشتہری بھی کی گئی۔
ضلعی پولیس سربراہ ڈاکٹر زاہداللہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی پولیس کو ہائی الرٹ کیا جس نے دن رات انتھک محنت کرتے ہوئے بچے کی تلاش جاری رکھی۔
پولیس کے مطابق علاقہ میں سرچ آپریشن کے دوران بمقام بخشالی روڈ نزد چم ڈھیری سٹاپ سے بچے کو بحفاظت بازیاب کرایا اور بچے کی اغوائیگی میں ملوث 2 ملزمان واصف ولد سبز علی سکنہ بخشالی اور رحمان علی ولد شیر غنی سکنہ عمر آباد دبئی اڈہ کو بھی گرفتار کر لیا۔
گرفتارملزمان نے دوران انٹاروگیشن اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ ہم نے مذکورہ بچے کو تاوان کے لئے اغواء کیا تھا، گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ چورہ میں مقدمہ درج جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
بچے کی بازیابی کی خبر ہوتے ہی اہل علاقہ کی کثیر تعداد تھانہ چورہ پہنچ گئی اور پولیس کی بروقت کارروائی پر خوشی کا اظہار اور بچے کی بخفاظت بازیابی پر پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔