خیبر پختونخوا

لکی، دیرینہ دشمنی کی بناء پر مخالفین کی فائرنگ سے 2 بھائی جاں بحق

کرم پار علاقے کے گاؤں وانڈہ اورنگزیب میں قتل مقاتلے کی دشمنی پر پولیس کو مطلوب 2 اشتہاری مخالفین کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین قتل، اقدام قتل اور پولیس پر حملوں کے مقدمات میں مطلوب تھے، وقوعہ کے روز وہ شام کی نماز پڑھنے مسجد جا رہے تھے کہ راستے میں پہلے ہی سے موجود مخالفین نے فائرنگ کر کے انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا۔

مدعی شیر زمان نے تھانہ ڈڈیوالہ میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے بھائیوں نور زمان اور طارق خان کے ہمراہ شام کی نماز پڑھنے مسجد جا رہا تھا کہ راستے میں پہلے ہی سے موجود ملزمان نصیر محمد، اورنگزیب، شیر علی باز اور شیرپاؤ نے فائرنگ کر دی جس سے ان کے دونوں بھائی موقع پر جاں بحق اور وہ بال بال بچ گئے۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان کے ساتھ ان کی قتل مقاتلے کی دشمنی ہے اور وہ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔

اسی طرح پشاور کے علاقہ خزانہ بڈھنی میں مسلح افراد نے زبانی تکرار پر جوانسال لڑکے کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہو گئے، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی۔

عثمان ولد عبد القیوم ساکن چرگو کلے نے رپورٹ درج کراتے ہوئے خزانہ پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز اس کا بھائی بلال بڈھنی پل کے قریب موجود تھا کہ اس دوران رفاقت اور قمر شاہ نے اس کے ساتھ تکرار شروع کر دی اور اچانک پستول نکال کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں بلال زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں بعد ازاں وہ علاج کی فراہمی کے دوران دم توڑ گیا۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش و ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

دوسری جانب تخت بھائی چارسدہ روڈ پر چنگ چی رکشہ اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوا۔

تخت بھائی کے علاقہ جازونوڈاگ کے نزدیک ایک تیز رفتار چنگ چی اور موٹر سائیکل آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں 30 سالہ نوجوان عمران خان سکنہ نرئی ولہ موقعہ پر جاں بحق اور 25 سالہ نوجوان بلال خان سکنہ تخت بھائی شدید زخمی ہو گئے۔

ریسکیو 1122کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر دونوں نوجوانوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس تھانہ ساڑوشاہ نے رپورٹ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button