خواجہ سراؤں پر ظلم کی روک تھام ضروری ہے۔ صوبیا خان، ہر قسم کے حقوق دیں گے۔ کامران بنگش
شاہ زیب آفریدی
وزیراعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و اعلی تعلیم کامران خان بنگش نے یقین دلایا ہے کہ خواجہ سراؤں کو ہر قسم کے حقوق دیے جائیں گے۔
ٹی این این کے ساتھ اس حوالے سےخصوصی بات چیت کے دوران کامران بنگش کا کہنا تھا کہ خواجہ سراؤں کو تعلیم، صحت او روزمرہ زندگی کے جتنے بھی مسائل درپیش ہیں ان کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ خواجہ سراء معاشرے کا کمزور طبقہ ہے اور ان کو درپیش مسائل حل کرنے میں حکومت بھرپور مدد فراہم کرے گی۔
اس موقع پر صوبیا خان نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں خواجہ سراؤں کے ساتھ ناروا سلوک اور ان پر بہت ظلم و جبر کیا جاتا ہے جس کی روک تھام ضروری ہے۔
کامران بنگش نے یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ خواجہ سراء ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں اور حکومت ان کو ہر حالت میں حقوق دلاۓ گی، ان کے جتنے بھی مسائل ہیں ان کو حل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، ”خواجہ سراء کمیونٹی کو ملک میں ثقافتی استحصال کا سامنا ہے، کورونا وباء کی وجہ سے خواجہ سراء بھی معاشی مشکلات سے دوچار رہے ہیں۔”
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا میں پچیس ہزار سے زیادہ خواجہ سرا موجود ہیں جو کہ زیادہ تر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
اعداد وشمار کے مطابق پاکستان میں ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے تقریباً تین لاکھ نفوس ہیں اور بعض ذرائع کا خیال ہے کہ یہ تعداد اس بھی زیادہ ہے اور کئی ایسے افراد خاص طور پر جنسی ہراسانی کے ڈر سے خود کو رجسٹر کرانے سے اجتناب کرتے ہیں۔