خیبر پختونخوا

لاہور جلسہ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا۔ مولانا فضل الرحمٰن

جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر اور پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے کشمیر پر ہندوستان کے قبضے کو قانونی قرار دے دیا ہے، بھارت پورے خطے میں اپنی بالادستی قائم کرنا چاہتا ہے، آج نااہل حکمرانوں نے اسے اس خطے میں بالادستی قائم کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔

سرائے نورنگ میں سابق ممبر قومی اسمبلی شیخ الحدیث مولانا امان اللہ خان مرحوم کی یاد میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ شیخ الحدیث مولانا امان اللہ خان مرحوم نے پوری زندگی ایک نصب العین کے تحت گزاری اور زندگی بھر دین اسلام کی خدمت کی، انہوں نے اپنے اکابرین کے میراث کی حفاظت کی اور ہم بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے یہ سفر جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بات اسرائیل کو تسلیم کرنے کی نہیں بلکہ دنیا پر اسرائیل کی بالادستی لانے کی راہ ہموار کی جا رہی ہے کہاں ہیں، اسلامی دنیا کے وہ حکمران جو اپنی قوموں کی آزادی کے لئے ڈٹ جایا کرتے تھے اور خون کا نذرانہ تک پیش کرنے سے نہیں کتراتے تھے، آج مسلم دنیا کے حکمران عالمی قوتوں کے سامنے سرنگوں ہیں، اسرائیل کے معاملے پر جے یو آئی قوم کی آواز بنے گی اور ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہو گی۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں ایسا نالائق حکمران کسی نے نہیں دیکھا جسے قوم آج بھگت رہی ہے، ایسا حکمران ملا ہے جس کی پہلی اولاد بھی ناجائز تھی اور اسے ملنے والی پہلی حکومت بھی ناجائز ہے، قوم کی غیرت کا تقاضا ہے کہ ہمارے اوپر ایسے حکمران مسلط نہ رہیں اور نہ انہیں برداشت کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے جلسوں پر پابندیاں لگائی جا رہی ہیں اور سیاسی کارکنوں پر مقدمات درج کئے جا رہے ہیں، انہیں تھانوں میں جرائم پیشہ افراد کے ساتھ بند کیا جا رہا ہے لیکن اب حکمرانوں کا کوئی حربہ کامیاب نہیں ہو گا، ملتان میں کارکنوں کو گرفتار کیا گیا لیکن وہ انہیں تھام نہ سکے اور جلسہ شروع ہونے سے پہلے ہی انہیں چھوڑ دیا۔

اس موقع پر صوبائی امیر سینیٹر مولانا عطاء الرحمان، صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا عطاء الحق درویش، صوبائی نائب امیر قاری گل عظیم، صوبائی سیکرٹری اطلاعات عبدالجلیل جان، جے یو آئی فاٹا کے امیر و ایم این اے مفتی عبدالشکور، مولانا مفتی محمد قاسم، مولانا اشرف علی، ایم پی ایز انور حیات خان و ظفر اعظم، رحمت سلام خٹک اور مقامی قائدین کے ساتھ ساتھ بنوں، ٹانک، ہنگو اور دیگر جنوبی اضلاع سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماء بھی موجود تھے۔

مولانا فضل الرحمان نے واضح کیا کہ جیلیں تحریک کو روک سکتی ہیں نہ حکمرانوں کا جبر، یہ تحریک نااہل حکومت کے دھڑن تختے تک چلتی رہے گی، موجودہ حکمران ناجائز ،بدکردار، بد اخلاق اور نالائق ہیں، انہوں نے معیشت تباہ کر دی ہے، ملک کی مجموعی قومی پیداوار کے اشاریے صفر سے نیچے ہیں اور تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم ایک مشکل میں مبتلا ہے اور ایسے حالات میں اگر کوئی جرنیل اس حکومت کی حفاظت کرتا ہے تو قوم کا گلہ بنتا ہے اور یہ گلہ جائز ہے، اس پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے، آپ ہی دھاندلی اور اس نااہل حکومت کے لانے کے ذمہ دار ہیں اور اسے مزید سپورٹ کر کے غلطی کر رہے ہیں، جب ہم چاہتے ہیں کہ دفاع طاقتور ہو، فوج مضبوط ہو تو وہ ہمیں کیوں کمزور دیکھنا چاہتے ہیں، آئین کے تحت ہر ادارہ اپنا کردار ادا کرے اور دیگر اداروں کے کام اور معاملات میں مداخلت نہ کی جائے۔

امیر جمیعت کے مطابق پی ڈی ایم کا لاہور کا جلسہ سابقہ جلسوں کا ریکارڈ توڑ دے گا اور یہ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button