مردان، کورونا اور جنرل آئی سی یو کے سٹاف کی تربیت مکمل
مردان میڈیکل کمپلیکس میں کرونا مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی اور ان کی زندگیوں کو بچانے کےلئے کورونا اور جنرل آئی سی یوز کے سٹاف کو وینٹی لیٹر، ای سی جی اور مریض کے سانس لینے کے عمل یا ہوا گزرنے کے عمل کے بارے میں تربیت دی گئی۔
تربیت کا اہتمام ایم ٹی آئی مردان میڈیکل کمپلیکس نے مارٹن ڈو کی معاونت سے کیا۔ ٹریننگ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر جاوید اقبال تھے جبکہ طبی عملے کو ڈاکٹر شہاب نقوی نے تربیت فراہم کی۔
اس موقع پر ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے فوکل پرسن ڈاکٹر سید آفتاب رحیم نے کہا کہ تربیت محکمہ صحت پاکستان کے ہسپتالوں کے آئی سی یوز کے معیار کو بہتر کرنے کے پروگرام کا حصہ ہے جس کے تحت ملک بھر کے 450 ہسپتالوں کے 4 ہزار ڈاکٹرز کو تربیت دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اب تک ملک بھر میں 2 ہزار 4 سو ڈاکٹرز اس پروگرام سے مستفید ہو چکے ہیں۔
ایم ٹی آئی مردان میڈیکل کمپلیکس آئی سی یو کے انچارج ڈاکٹر سید کاشف نے کہا کہ تربیت میں مردان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ اور مالاکنڈ سے 37 ڈاکٹرز، ٹی ایم اوز، ایچ ا وز اور ایم اوز نے شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ شرکاء کو وینٹی لیٹر، ای سی جی اور مریض کے سانس لینے کے عمل یا ہوا گزرنے کے عمل کے بارے میں تربیت دی گئی، "یہ تربیت آئی سی یو میں ڈیوٹی دینے والے ڈاکٹرز کو مریضوں کی جان بچانے میں مدد دے گی۔”