لکی مروت: احساس کفالت پروگرام کیش وصولی میں خواتین کو مشکلات کا سامنا
لکی مروت میں احساس کفالت پروگرام کی مالی اعانت وصول کرنے والی خواتین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں رقوم کی ادائیگی ماضی کی طرح نادرا ای سہولت مراکز سے کی جائے۔
میڈیا نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے بعض خواتین بینی فشریز کا کہنا تھا کہ مذکورہ پروگرام کے تحت دوسری قسط کی ادائیگی شروع کردی گئی ہے لیکن مخصوص پوائنٹس پر تقسیم کی وجہ سے انہیں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ دوسری قسط کئی ماہ بعد مخصوص پوائنٹس پر دی جارہی ہے اس لئے خواتین کا خاصا رش ہوتا ہے جس سے نہ صرف کورونا ایس او پیز متاثر ہوتی ہیں بلکہ خواتین کو امداد کی وصولی کے لئے گھنٹوں طویل انتظار کرنا پڑتا ہے.
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ صورتحال کا نوٹس لے اور نادرا ای سہولت کے ذریعے ادائیگی کے لئے متعلقہ حکام سے فوری رابطہ کرے تاکہ رقم کے حصول کے لیے دور دراز علاقوں سے آنے والی خواتین کی مشکلات میں کمی لائی جاسکے۔