ہوٹلز کے اندر کھانے اور قیدیوں سے ملاقاتوں پر ایک بار پھر پابندی
خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث ہوٹل اور ریسٹورنٹ کے اندر کھانے پینے اور جیل خانہ جات میں ملاقاتوں پر پابندی عائد کردی۔
محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہوٹل اور ریسٹورنٹ میں صرف کھلی فضا میں کھانے اور پارسل کی اجازت ہوگی،آوٹ ڈور ریسٹورنٹ میں ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلے کا خیال رکھنا ہوگا۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پابندی این سی او سی کے فیصلے کی روشنی میں لگائی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
محکمہ داخلہ نے کورونا سے بچاؤ کے خاطر جیلوں میں ملاقاتو پر بھی ایک دفعہ پھر پابندی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے علیحیدہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ صوبے میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر صوبائی حکومت نے پہلے ہی تعلیمی ادارے بند کردی ہیں لیکن اس ضمن میں بعض نجی اداروں اور دینی مدارس نے حکومتی احکامات ماننے سے انکار کیا ہے۔
کورونا وبا کی پہلی لہر کے موقع پر ملک بھر میں نافذ کردہ لاک ڈاؤن میں بھی ہوٹلز میں کھانے پینے اور قیدیوں سے ملاقاتوں پر کئی مہینوں تک پابندی عائد کردی گئی تھی۔