خیبر پختونخوا

موبائل فون کی دوستی، کرک کی دوشیزہ لکی مروت وہاں سے موت کی وادی پہنچ گئی

غلام اکبر مروت سے

کرک سے تعلق رکھنے والی نوجوان دوشیزہ نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر لکی مروت میں خود کشی کر لی۔

لکی مروت پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ شام انہیں اطلاع ملی کہ لاری اڈہ میں زونگ فرنچائز کے قریب ایک نوجوان لڑکی اکیلی بیٹھی ہے، اطلاع پر جب پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو دوشیزہ نے زہریلی بوتل پی لی تھی۔

وہاں پر موجود کچھ افراد نے پولیس کو بتایا کہ یہ خاتون کوہاٹ سے لکی مروت آئی ہے اور زہریلی بوتل پینے سے قبل بتایا کہ اس کی یہاں کسی لڑکے سے فون پر دوستی ہوئی تھی جس نے یہاں بلایا تھا لیکن صبح سے شام ہو گئی اور وہ لینے کیلئے نہیں آ رہا جس پر دلبرداشتہ ہو کر وہ خودکشی کر رہی ہے۔

لکی مروت پولیس کے بقول کل رات سٹی پولیس کو اطلاع ملی کہ مین اڈہ میں زونگ فرنچائز کے ساتھ ایک خاتون پڑی ہوئی ہے،جب پولیس موقع پر پہنچی تو خاتون کی حالت تشویش ناک تھی اور ان کے ساتھ ایک بوتل بھی پڑی تھی۔

پولیس نے خاتون کو فوراً سٹی ہسپتال منتقل کر دیا جہاں سے پولیس نے انہیں حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے خلیفہ گل نواز ہسپتال بنوں منتقل کر دیا لیکن خاتون جانبر نہ ہو سکی۔ ڈاکٹروں کے مطابق خاتون کی موت زہر پینے سے ہوئی ہے۔

لکی مروت پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لڑکی کو فوری طور پر گورنمنٹ سٹی ہسپتال لکی مروت منتقل کیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد حسبِ معمول انہیں خلیفہ گل نواز ہسپتال بنوں منتقل کر دیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکی اور موت کی آغوش میں چلی گئی۔ وہاں سے انہیں دوبارہ گورنمنٹ سٹی ہسپتال لکی مروت منتقل کیا اور ورثاء کی تلاش شروع کر دی۔

گذشتہ رات مبینہ طور پر خودکشی کرنے والی نوجوان لڑکی کی لاش گورنمنٹ سٹی ہسپتال لکی مروت میں شناخت کیلئے رکھی گئی، ورثاء کی تلاش کیلئے سوشل میڈیا پر خودکشی کرنے والی خاتون کی تصاویر شیئر کی گئیں جس سے لکی سٹی ہسپتال میں پڑی دوشیزہ کی لاش کی شناخت ہو گئی۔

لکی مروت پولیس کے مطابق ان کا تعلق پلوسہ سر شمتکی ضلع کرک سے ہے، ان کے بھائی کے مطابق وہ کل صبح گھر سے لاپتہ ہو گئی تھی، بھائی نے ہسپتال میں آ کر پولیس کی موجودگی میں لاش کی شناخت کی اور قانونی کاروائی کے بعد لاش وصول کر لی۔ ان کے بھائی نے بھرپور تعاون پر لکی مروت سٹی پولیس اور میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button