ثمرہارون بلور کورونا وائرس کا شکار ہوگئی
عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی صوبائی ترجمان اور رکن خیبرپختونخوا اسمبلی ثمر ہارون بلور کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔
رکن خیبرپختونخوا اسمبلی نے ٹوئٹ کرکے بتایا کہ علامات محسوس ہونے کے بعد ہی خود کو علیحدہ کر لیا تھا اور اب ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ انہوں نے عوام سے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔ ثمر بلور عوامی نیشنل پارٹی کی متحرک رہنما ہیں اور پشاور جلسے کے حوالے سے بھی کافی سرگرم رہی ہیں۔
دوسری جانب عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 45 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد 7 ہزار 942 ہو گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق 3 ہزار 45 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور متاثرہ افراد کی کل تعداد 3 لاکھ 92 ہزار 356 ہو گئی ہے۔ پاکستان میں کورونا کے 3 لاکھ 37 ہزار 553 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اور 46 ہزار 861 زیر علاج ہیں۔
اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 29 ہزار 427، خیبر پختونخوا میں 46 ہزار 604، سندھ میں ایک لاکھ 70 ہزار 206، پنجاب میں ایک لاکھ 17 ہزار 898، بلوچستان میں 17 ہزار 46، آزاد کشمیر میں 6 ہزار 556 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 619 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔
کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 2 ہزار 960 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 2 ہزار 897، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 355، اسلام آباد میں 307، گلگت بلتستان میں 97، بلوچستان میں 165 اور آزاد کشمیر میں 161 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہرشروع ہو چکی ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے ایس اوپیز پر سختی سےعمل کرنا ہو گا۔ حکومت پاکستان نے 16 بڑے شہروں میں 31جنوری2021 تک سخت پابندیاں نافذ کر رکھی ہیں اور پورے میں تعلیمی ادارے ایک بار پھر بند کر دیئے گئے ہیں۔