لکی مروت: تعلیمی اداروں کی بندش کے خلاف پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن کا احتجاج
وفاقی حکومت کی طرف سے کورونا وائرس کی وجہ سے تعلیمی اداروں کی بندش کے فیصلے کے خلاف لکی مروت مئں پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج لکی مروت یونٹ نے شہید عابدعلی چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ فیڈریشن کے صدر حامدخان کی قیادت میں طلبہ نے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر ”تعلیم دشمن پالیسی نامنظور اور تعلیمی اداروں کی بندش نامنظور” کے نعرے درج تھے۔
احتجاجی مظاہرے میں سینئرنائب صدرحماد محمودخان،سیکرٹری مالیات محمد،آرگنائزنگ کمیٹی رکن فرمان اللہ،سابق جنرل سیکرٹری اشفاق خان،سیکرٹری ثقافت فرہاد خان اور حکمت اللہ نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پرحامدخان،اشفاق خان،فرمان خان اور دیگر مقررین نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کورونا ایس اوپیز پر سختی سے عمل کیا جارہا ہے اسکے باوجود تعلیمی اداروں کی بندش سمجھ سے بالاتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرائمری سکولز میں چونکہ چھوٹے بچے زیرتعلیم ہیں اسلئے انکو بند کیا جائے لیکن ہائیرسیکنڈری سکولز،کالجز اور یونیورسٹیوں کی بندش کا فیصلہ فوری واپس لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت تمام سیکنڈری سکولز،کالجز اور یونیورسٹیاں کھولنے کے احکامات جاری کرکے طلبہ کا مستقبل مزید تباہ ہونے سے بچائے۔