لکی، خلیفہ گل نواز ہسپتال بنوں کے ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ
غلام اکبر مروت سے
مروت قومی جرگہ نے خلیفہ گل نواز ہسپتال بنوں کے ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
مروت قومی جرگہ کا اجلاس سپریم کمانڈر اختر منیر مروت کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں سابق ایم این اے نصیر محمد خان میدادخیل، ضلعی امیر مولانا عبدالرحیم، سابق ضلعی ناظم قدرت اللہ خان ایڈووکیٹ، انجینئر امیر نواز خان، ایڈووکیٹ وحید اسلم خان بیگوخیل، ملک عبدالرؤف خان، نوابزادہ عبدالرحیم، اسحاق خان میدادخیل، شمس اللہ خان تختی خیل، عبدالمالک خان، مولانا اصغر علی، حافظ منہاج الدین، ملک وقار خان، سمیع اللہ خان، احمد جان اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں خلیفہ گل نواز ہسپتال بنوں میں ملک وقار کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی شدید مذمت کی گئی اور کمشنر بنوں شوکت علی یوسفزئی سے رابطہ کر کے ڈاکٹر کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کا مطالبہ کیا گیا۔
جرگہ کے بعد سپریم کمانڈر اختر منیر مروت نے کہا کہ خلیفہ گل نواز ہسپتال بنوں میں مریضوں اور ان کے تیمارداروں کے ساتھ انتہائی غلط رویہ رکھا جاتا ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔
لکی مروت کے ہسپتالوں میں سہولیات کی عدم فراہمی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا، سیکرٹری صحت، صوبائی وزیر ہشام انعام اللہ خان اور دیگر متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کریں گے اور لکی مروت کے ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔
اجلاس سے قبل ملک وقار کی ہمشیرہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔