پشاور کے چھوٹے تاجروں کو 5لاکھ روپے تک قرضہ دینے کا فیصلہ
سٹیٹ بینک آف پاکستان نے پشاور کے چھوٹے تاجروں کو 5 لاکھ روپے تک قرضہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پشاور چیمبر آف سمال انڈسٹری اینڈ سمال ٹریڈرکے صدر عدنان جلیل ، سینئر نائب صدر رحمان گل ، سابقہ صدر پشاور چیمبر حاجی شکیل صراف ، مرکزی صدر تنظیم تاجران ملک مہر الٰہی ،حاجی محمد طلاء اور دیگر ایگزیکٹو ممبران نے سٹیٹ بینک آف پاکستان اور مائیکرو فنائنس کے وفد جس میں سینئر آفسران عابد احمد ، محمد طائف، عبد اللہ آفریدی شامل ہیں سے ملاقات کی ۔
اس موقع پر چھوٹے کاروبار سے وابستہ تاجروں کو فوری طور پر 5 لاکھ قرضہ سکیم میں شامل کرنے پر زور دیا گیا جس پر سٹیٹ بینک آف پاکستان کے وفد نے یقین دہانی کرائی کہ جلد پشاور چیمبر کی تجاویز پر عمل کرتے ہوئے قرضوں کا اجراء کیا جائے گا ۔
ملاقات میں سٹیٹ بینک آف پاکستان کے وفد سے بات کرتے ہوئے پشاور چیمبر آف سمال انڈسٹری اینڈ سمال ٹریڈر کے صدر عدنان جلیل نے کہا کہ چھوٹے تاجر کے کاروبار کو وسعت دینے کیلئے کم شرح سود پر قرضہ اسکیم انتہائی ضروری ہے اس مقصد کیلئے پشاور چیمبر مکمل تعاون کرے گا ۔
انہوں نے کہا کہ جلد ہی پشاور میں چیمبر اف سمال انڈسٹری اینڈ سمال ٹریڈر اور ایف پی سی سی آئی کے تعاون 26کو ایف پی سی سی ائی پشاور افس میں سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا تا کہ چھوٹے تاجروں کو قرضہ اسکیم سے مستفید ہونے کیلئے آگاہی دی جا سکے۔