خیبر پختونخوا

مردان، جائیداد تنازعہ پر باپ بیٹا قتل، نوشہرہ حادثے میں جاں بحق 10 افراد کی نماز جنازہ ادا

مردان میں جائیداد کے تنازعہ پر ملزمان کی فائرنگ سے باپ بیٹا جاں بحق جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس تھانہ شیخ ملتون کے مطابق سرزمین خان ولد سید ضمیر نے رپورٹ درج کرتے ہوئے بتایا کہ میں اپنے والد سید ضمیر اور بھائی قاسم کے ساتھ مسیتی پھاٹک پر موجود تھا کہ ملزمان جہانگیر اور اول ضمیر نے آکر ہم پر اندھادھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں میرے والد اور بھائی لگ کر جاں بحق ہو گئے جبکہ میں بال بال بچ گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کا اپنے چچازاد بھائیوں کے ساتھ جائیداد کا تنازعہ چلا آ رہا تھا اور گزشتہ روز آپس میں تکرار بھی ہوئی تھی جس کے بعد ملزمان نے فائرنگ کر کے اپنے چچا اور چچازاد بھائی کو قتل کر دیا۔

ملزمان واردات کے بعد فرار ہو گئے، پولیس نے دوہرے قتل کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

دوسری جانب نوشہرہ کے علاقہ زیارت کاکا صاحب میں فلائنگ کوچ حادثہ میں جان بحق دس افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

نماز جنازہ کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی، ایک ساتھ متعدد جنازے اٹھنے پر آہ و سسکیوں کا کہرام برپا ہو گیا، زیارت کاکا صاحب میں سوگ کا سماء ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔

دلخراش واقعہ میں زیارت کاکا صاحب کے علاقہ سپین کانڑی سے تعلق رکھنے والی دو خواتین سمیت دس افراد جان بحق جبکہ گیارہ افراد شدید زخمی ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ زیارت کاکا صاحب میں آج ایک تیز رفتار فلائنگ کوچ گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت 8 افراد موقع پر جاں بحق ہوئے، بعدازاں زخمیوں میں سے دو افراد دم توڑ گئے جس کے بعد حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 10 ہو گئی۔

12 افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں، زخمیوں میں زین اور اس کی بیوی اور 6 سالہ بیٹا بھی شامل ہیں جو کہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں موت اور زندگی کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button