چارسدہ: کالج کے 5 طلباء میں کورونا وائرس کی تصدیق، طلباء نے سپورٹس میلے میں بھی شرکت کی ہے
چارسدہ میں ایک نجی کالج کے پانچ طلباء میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد کالج کو ایک ہفتے کے لئے بند کردیا گیا ہے۔ مذکورہ کالج کے طلباء نے چند دن پہلے نجی کالجز کے ایک سپورٹس میلے میں شرکت بھی کی تھی جس سے دوسرے کالجز کے طلباء میں بھی تشویش کی لہر پھیل گئی ہے۔
گزشتہ روز ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گلیکسی ماڈل کالج مردان روڈ میں طلباء سے کورونا ٹیسٹ کرانے کے لئے نمونے لئے گئے جن میں پانچ طلباء کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ زرایع کا کہنا ہے کہ چند طلباء میں علامات سامنے آنے اور نمونے لینے کے باؤجود اس کالج کے درجنوں طلباء نے عبدالولی خان یونیورسٹی سپورٹس کمپلکس میں کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کی تھی جس سے خدشہ ظاہر کیا جاتا ہے کہ وائرس دوسرے کالجز کے طلباء میں بھی پھیل سکتا ہے۔
خیبرپختونخوا کے تعلیمی اداروں میں ستمبر کے وسط سے 8 نومبر تک ایک ہزار سے زائد کورونا کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
صوبائی محکمہ صحت کی جاری کردہ ایک سمری میں کہا گیا کہ 15 ستمبر سے 8 نومبر کے درمیان خیبر پختونخوا کے تعلیمی اداروں میں 90 ہزار 274 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں تقریبا ایک ہزار 250 مثبت آئے ہیں۔ لئے گئے ٹیسٹس میں سے 81 ہزار 204 منفی آئے جبکہ 7 ہزار 820 کے نتائج کا انتظار ہے۔
ملک میں جہاں ایک طرف 3 ماہ سے زائد کے وقفے کے بعد کووڈ 19 کیسز کی مثبت شرح ایک مرتبہ پھر 5 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے وہیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کو بتایا گیا ہے کہ مختلف شہروں میں لیبارٹریز کی جانب سے یومیہ مصدقہ کیسز 16 فیصد سے بڑھ گئے ہیں۔
این سی او سی کے جاری کردہ حالیہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کووڈ 19 کے فعال کیسز میں گزشتہ صرف 8 ہفتوں میں 14 ہزار سے زائد بڑھ گئے۔
10نومبر تک ملک میں کورنا وائرس کے فعال کیسز 20 ہزار 45 تھے جو 14 ستمبر کو 5 ہزار 831 تک پہنچ گئے تھے۔
ملک بھر میں کورونا کیسز کی شرح بڑھنے کے باوجود وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ہوا تھا جس میں وزارت صحت کے حکام نے کورونا کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی تھی۔
وزرائے تعلیم کانفرنس میں شرکاء نے اتفاق کیا تھا کہ موجودہ صورتحال میں تعلیمی اداروں کو بند کرنے کی ضرورت نہیں لہٰذا ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے۔