نوشہرہ، بدرشی سے لاپتہ دونوں بہنیں بحفاظت بازیاب، ملزمان گرفتار
نوشہرہ پولیس نے دو دن پہلے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والی دونوں بچیوں کو بحفاظت بازیاب کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق حبیب شاہ ساکن بدرشی نے پولیس کو پنی دو بیٹیوں علیشہ عمر 6 سال اور اریشہ بعمر 5 سال کی گمشدگی کی رپوٹ درج کرائی، واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی مردان شیر اکبر خان نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) نجم الحسنین کی سربراہی میں ایس پی انوسٹی گیشن نورجمال خان، ASPکینٹ ضیاء اللہ خان،زرداد اور ساجد اے ایس آئی پر مشتمل ٹیم تشکیل دے کر بچیوں کی فوری بحفاظت بازیابی کا ٹاسک سونپا جس کے بعد علاقے میں مشران کو لے کر تلاش شروع کی گئی۔
پولیس کے مطابق وائرلیس کے ذریعے پورے ضلع کی پولیس کو بچیوں کی گمشدگی کی اطلاع دی گئی، سوشل میڈیا، پرنٹ اور الیکٹرنک میڈیا پر بھی اشتہارات دیئے گئے، یتیم خانوں، ہسپتالوں، بس اڈوں، ہوٹلوں اور سرائے میں معلومات کی گئیں، مختلف جگہوں سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر کے چیک کی گئی، سادہ کپڑوں میں ملبوس سپشل ٹیمیں تشکیل دی گئیں اور چند ٹیموں کے ذریعے روالپنڈی اور دوسرے مقامات پر چھاپے لگائے گئے۔
آخر کاردن رات کے انتھک محنت سے پولیس ٹیم کو کامیابی ملی اور بچیوں کو خیر آباد سے بحفاظت بازیاب کر لیا گیا،
ملزمان جان پری اور اُس کے بیٹے سلمان کو حراست میں لے لیا گیا، ملزمان روالپنڈی میں رہائش پذیر ہیں جن کے گھروں پر چھاپے لگائے گئے جہاں سے وہ پولیس کے آنے سے پہلے بچیوں کو لے کر نکل چکے تھے۔
پولیس کے مطابق محفوظ ٹھکانے کی تلاش میں بچیوں کو منتقل کرنے کے دوران خیر آباد کے مقام پر بچیوں کو بازیاب کرا لیا گیا، ملزمہ بچیوں کے باپ کی خالہ ہے۔
ملزمہ نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ بچیوں سے بھیک منگوانے اور خاندانی رنجش پر بچیوں کے باپ سے انتقام لینے کیلئے یہ قدم اُٹھایا، دونوں بہنیں صیح سلامت والدین کے حوالے کر دی گئیں۔