کرک میں کورونا کیسز مثبت آنے پر تین تعلیمی ادارے بند
ضلع کرک میں کوروناوائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 14ہوگئی، پوسٹ گریجویٹ کالج سمیت تین تعلیمی ادارے بند کردئیے گئے۔ محکمہ صحت کی جانب سے ضلع بھر میں کورونا وائر س مریضوں کا جائزہ لینے والی ٹیم میں شامل حکام کے مطابق ضلع بھر میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 14ہوچکی ہے جس میں بیشترطالبات مریض شامل ہیں۔
حکام کے مطابق گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کرک ‘ گورنمنٹ گرلزڈگری کالج کرک سمیت گورنمنٹ ہائی سیکنڈری سکول سٹی میں طلباء اور طالبات سے لئے گئے ٹیسٹ نتائج مثبت آنے پر مذکورہ تین اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں محدود مدت کیلئے روک دی گئی ہیں۔
حکام کی رپورٹ کے مطابق تعلیمی اداروں میں زیرتعلیم طلباء وطالبات سمیت مختلف طبقہ فکر افراد سے تعلق رکھنے والے چارہزار کے قریب افراد سے ٹیسٹ کیلئے نمونے حاصل کئے جاچکے ہیں جب کہ وائرس سے ممکنہ طورپرمتاثرہ افراد سے ٹیسٹ لینے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
اس حوالے سے محکمہ صحت کی جانب ضلع بھر میں کورونا وائرس کے مجموعی صورتحال پر نظررکھنے والے ڈاکٹربشیرخٹک نے کہاکہ لوگ ڈیوٹیوں سمیت اپنی نجی زندگی کے دوران ایس او پیز پر عمل درآمدیقینی بنانے کی کوشش کریں تاکہ بطور سوسائٹی ہمیں دوبارہ سخت پابندیوں کا سامنا نہ کرناپڑے۔