دیر بالا میں 8 سالہ بچی کو ”سوارہ” میں دینے کی کوشش ناکام
دیر بالا میں ایک آٹھ سالہ بچی کو اپنے بھائی کی غلطی کی بھینٹ چڑھانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق علاقہ چرگوم میں بھاٸی کی غلطی معاف کرانے کے لیے اس کی آٹھ سالہ بہن کو ونی (”سوارہ”) میں دینے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ دیر بالا پولیس کو اطلاع ملی کہ فلاں جگہ ونی کی رسم ہو رہی ہے اور ایک آٹھ سالہ بچی کا نکاح پڑھوایا گیا ہے جس پر پولیس نے کاررواٸی کرتے ہوئے نکاح خوان سمیت بارہ رکنی جرگہ کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس ڈی ایس پی امجد علی خان اور ایس ایچ او محمد حسین احمد کے مطابق ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
خیال رہے کہ پاکستان میں بالعموم اور پشتونوں کے علاقوں میں بالخصوص آج بھی یہ قبیح رسم پائی جاتی ہے جس میں کسی خاتون، اکثر و بیشتر جو کم عمر لڑکی ہوت ہے، کو ناکردہ گناہوں کی سزا دی جاتی ہے۔