خیبر پختونخوا

بنوں، غیرت کے نام پر لڑکا لڑکی موت کی نیند سلا دیئے گئے

بنوں خوجڑی میں غیرت کے نام لڑکا اور لڑکی کو جان سے مار دیا گیا جبکہ جانی خیل اور ٹاون شپ میں نامعلوم مسلح افراد نے 2 افراد کو قتل کر دیا۔

تھانہ ککی کی حدود میں واقع بابر خوجڑی میں نامعلوم مسلح افراد نے میر عباس ولد میر حمزہ کے گھر میں گھس کر 18 سالہ مسماة (ف) دختر میر عباس اور 24 سالہ خیال محمد ولد ملقیاز ساکن بابر خوجڑی کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اُتار دیا، مبینہ ملزم ارتکاب جرم کے بعد موقع واردات سے فرار، وجہ عداوت غیرت کے نام پر تنازعہ بتایا گیا ہے۔

مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچائی گئیں جہاں پر ککی پولیس نے نامعلوم مسلح افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

دوسری جانب تھانہ جانی خیل کی حدود میں واقع کاس بودی خیل جانی خیل میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے 19 سالہ اعزاز الرحمن ولد میرزا علی خان ساکن ہندی خیل جانی خیل کو موت کے گھاٹ اُتار دیا، وجہ عداوت معلوم نہیں، مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچائی گئی جہاں پر جانی خیل پولیس نے مقتول کے بھائی نور اللہ کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

تھانہ ٹاؤن شپ ہی کی حدود میں واقع بارگین زنگی مارکیٹ میں دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے حکیم جان ولد شیرین خان ساکن بودا خیل میر علی شمالی وزیرستان کو قتل کر دیا، نامعلوم مسلح افراد موقع واردات سے فرار ہو گئے، وجہ عداوت معلوم نہیں۔

مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال پہنچایا گیا جہاں پر ٹاؤن شپ پولیس نے مقتول کے بھائی سلطان جان کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

واضح رہے کہ آج نوشہرہ میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کا نکاح پڑھوانے پر لڑکی کے بھائی نے جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کے دارالافتاء کے نائب مفتی مولانا مفتی غلام حسین حقانی پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا ہے۔

 

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button