خیبر پختونخوا

لکی مروت: سکولوں میں کورونا کے چار نئے کیسز رپورٹ

 

لکی مروت کے سکولوں میں کورونا کے مزید چار نئے کیسز سامنے آگئے۔ فوکل پرسن فار کورونا ڈاکٹر اشفاق کے مطابق ان کیسز میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول لنڈیواہ کی طالبہ اور گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول لنڈیواہ کا طالب علم شامل ہے، گورنمنٹ مڈل سکول نصردین بیگوخیل کے ایک طالب علم اور ٹاون تاجہ زئی کے ایک سرکاری ملازم میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

فوکل پرسن کا کہنا ہے کہ ان نئے کیسز کے ساتھ لکی مروت میں ٹوٹل ایکٹیو کیسز کی تعداد 11 ہو گئی۔ تمام متاثرہ افراد کو قرنطین کرکے کلاس رومز 5 دن کیلئے سیل کر دیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ٹی ایم اے اہلکاروں کے عدم تعاون کی وجہ سے تاحال سپرے کا عمل شروع نہیں ہو سکا ہے۔

29 ستمبر کو بھی لکی مروت کے تین سکولوں میں طلباء اور اساتذہ میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے تھے۔

فوکل پرسن فار کورونا کے مطابق گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول تاجہ زئی کے پرنسپل اور ایک استاد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بائست خیل کی ایک استانی اور گورنمنٹ ہائی سکول احمد خیل کے ایک طالب علم میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ استانی میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بائست خیل پانچ دن کیلئے بند کردیا گیا جبکہ باقی دو سکولوں میں متعلقہ کلاس روم اور پرنسپل کا دفتر بند کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ہنگو میں بھی مختلف سرکاری تعلیمی اداروں میں طلباء اور اساتذہ کے کورونا ٹسٹس کے نتائج مثبت آنے پر دو سکول مکمل طور پر جبکہ ایک کو جزوی طور پر سیل کردیا گیا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button