خیبر پختونخوا
مردان، 5 سالہ بچی سے زیادتی کے مجرم کو 14 سال قید 10 لاکھ روپے جرمانہ
چائلڈ پروٹیکشن کورٹ نے پانچ سالہ بچی کیساتھ زیادتی کا جرم ثابت ہونے پر مجرم کو چودہ سال قید اور دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق مردان کے نواحی گاؤں بخشالی میں تقریباً ڈیڑھ سال قبل 23 سالہ ملزم جان محمد نے پانچ سال کی بچی کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا تھا اور 10 اکتوبر 2019 کو یہ مقدمہ عام عدالت سے چائلڈ پروٹیکشن کورٹ منتقل کرلیا گیا تھا۔
گذشتہ سماعت کے موقع پر بچی کے وکیل عارف رسول خان اور ملزم کے وکیل جہانگیر عالم کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔
ہفتہ کو چائلڈ پروٹیکشن کورٹ کے جج اعجاز احمد نے اس کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر مجرم جان محمد کو 14 سال قید اور دس لاکھ روپے کے جرمانے کا حکم دیا۔