قصہ خوانی بازار والے گھر سے مجھے اپنی زندگی کا پہلا سبق ملا: دلیپ کمار
بھارتی لیجنڈ اداکار دلیپ کمار نے کہا ہے کہ انہیں اپنے پشاور والے گھر کا ٹیرس، کمرے اور ہر چیزیاد ہے۔ اداکار نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر پشاور کے قصہ خوانی بازار میں واقع اپنے آبائی گھر کی کچھ یادیں شیئر کی ہیں۔
حال ہی میں خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور میں واقع بھارتی لیجنڈ اداکاروں دلیپ کمار اور راج کپور کے گھروں کی دوبارہ تزئین و آرائش کرکے انہیں میوزیم قرار دینے کا فیصلہ کیاہے۔ اس خبر کو سن کر بھارت میں موجود دلیپ کمار اور ان کی اہلیہ بہت خوش ہیں۔
دلیپ کمار نے چند روز قبل پشاور کے شہریوں سے ان کے آبائی گھر کی تصاویر شیئر کرنے کی بھی درخواست کی تھی اور اب ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹس سے چند ٹوئٹس کی گئی ہیں جن میں انہوں نے پشاور والے گھر میں گزارے گئے وقت اور اپنے بچپن کی حسین یادیں لوگوں کے ساتھ شیئر کی ہیں۔
دلیپ کمار نے لکھا ہمارے پشاور والے گھر میں میری والدہ ہمیشہ بڑے سے کچن میں مصروف رہتی تھیں اس وقت میں بہت چھوٹا تھا اور انتظار کرتا تھا کہ کب میری والدہ کچن کے کام ختم کریں تاکہ میں ان کے ساتھ بیٹھ کر ان کا خوبصورت چہرہ دیکھ سکوں۔
https://twitter.com/TheDilipKumar/status/1311557427398025216
مجھے اس گھر کا وہ کمرہ یاد ہے جہاں تمام گھر والے شام کی چائے کے لیے جمع ہوتے تھے۔ وہ ایک کشادہ کمرہ تھا اور اسی کمرے میں خواتین عبادت کرتی تھیں۔
https://twitter.com/TheDilipKumar/status/1311558293144301568
میرے پاس قصہ خوانی بازار کے گھر کی خوبصورت یادیں ہیں جہاں مجھے اپنی زندگی کا پہلا سبق ملا جس نے بعد میں مجھے اسکرپٹ منتخب کرنے میں رہنمائی کی۔ ہر روز جب قصہ خوانی بازار میں تجارت بند ہوتی تھی تو ایک کہانی سنانے والا بہادری، فتح، فریب اور انتقام کی داستانیں بیان کرتا تھا جنہیں میں اپنے والد اور انکل کے ساتھ بیٹھ کر بڑی توجہ سے سنتا تھا۔
https://twitter.com/TheDilipKumar/status/1311558860524535808
اس کے علاوہ دلیپ کمار نے گزشتہ روز اردو میں ٹوئٹ کرکے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی خواہش پر ان کے آبائی گھر کی تصویریں شیئر کی تھیں۔
واضح رہے کہ دلیپ کمار 11 دسمبر 1922 کو پشاور کے قصہ خوانی بازار کے قریب محلہ خداداد میں واقع اسی گھر میں پیدا ہوئے، اس گھر کوگودام کے طور پر استعمال کیا جارہا تھا تاہم خیبرپختونخوا حکومت نے اسے اپنی تحویل میں لے لیاہے جس کی تزئین و آرائش جاری ہے۔ دلیپ کمار نے آخری بار 1988 میں اپنے آبائی گھر کا دورہ کیا تھا۔ اس گھر میں دلیپ کمار نے اپنا بچپن گزارا ہے۔