خیبر پختونخوا

اے این پی کا بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے سپریم کورٹ جانے کا اعلان

عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ اے این پی اپوزیشن اتحاد کا حصہ ہے لیکن اپوزیشن میں موجود جماعتوں کی نیتوں پر عوامی حقوق کی جنگ کا فیصلہ ہوگا۔

چارسدہ میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ گذشتہ دو سال کے دوران بڑی سیاسی جماعتوں کا کردار قابل اعتماد نہیں رہا ہے۔ اگر اپوزیشن سنجیدہ ہیں تو نوازشریف سمیت تمام اپوزیشن قائدین کو پاکستان آکر عوامی جنگ لڑنی ہوگی۔

ایمل ولی خان نے کہا کہ سلیکٹڈ حکمرانوں کے خلاف جنگ میں سب سے پہلے پارلیمنٹ سے استعفے دیے جائیں۔اگر اپوزیشن کی جانب سے یہ سنجیدگی دکھائی گئی تو سلیکٹرز بھی عمران خان کو نہیں بچاسکتے۔ اگرپھر پلان کی بات ہوتی ہے، جلسہ جلوس سے آگے نہیں جاتے تو اتحاد کا کوئی فائدہ نہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ اے این پی خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کیلئے سپریم کورٹ جائیگی۔تبدیلی سرکار نے نئی قانون سازی کی ، اے این پی سمیت پوری اپوزیشن نے اسکی مخالفت کی۔آج ہم چیلنج کرتے ہیں کہ اسی قانون کے تحت بلدیاتی انتخابات جلد سے جلد کرائے جائیں۔پی ٹی آئی اس قانون کے آڑ میں راہ فرار اختیار کررہی ہے۔

ایمل ولی خان نے کہا کہ ملک کے اندر پاکستان کی بقا کی کوئی جنگ نہیں، عوام اور طاقتور حلقوں کے درمیان وسائل کی جنگ ہے۔پاکستان میں انگریز سامراج کے غلام حکمرانی کرتے چلے آرہے ہیں۔آج بھی انکی اولادیں حکمران بنے بیٹھے ہیں بلکہ ہر دور میں یہی لوگ حکمران بنائے جاتے ہیں۔پاکستان میں انہی 15 فیصد اور عوام کے درمیان جنگ روز اول سے جاری ہے۔

اے این پی کے صوبائی صدر کا کہنا تھا کہ طاقتور حلقوں، حکومت، سلیکٹرز پر واضح کرنا چاہتے ہیں اٹھارہویں آئینی ترمیم انہی وسائل پر عوامی حق کی جیت ہے۔اے این پی اس ترمیم کے ذریعے صوبائی حقوق اور وسائل پر اختیار کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button