خیبر پختونخوا

ہنگو کے بعد لکی مروت کے سکولوں میں بھی کورونا کیسز سامنے آگئے

لکی مروت کے تین سکولوں میں طلباء اور اساتذہ میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آگئے۔

فوکل پرسن فار کورونا کے مطابق گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول تاجہ زئی کے پرنسپل اور ایک استاد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بائست خیل کی ایک استانی اور گورنمنٹ ہائی سکول احمد خیل کے ایک طالب علم میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ استانی میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بائست خیل پانچ دن کیلئے بند کردیا گیا جبکہ باقی دو سکولوں میں متعلقہ کلاس روم اور پرنسپل کا دفتر بند کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متعلقہ سکولوں میں سپرے کا عمل اور دیگر احتیاطی تدابیر پرعمل جاری ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ہنگو میں بھی مختلف سرکاری تعلیمی اداروں میں طلباء اور اساتذہ کے کورونا ٹسٹس کے نتائج مثبت آنے پر دو سکول مکمل طور پر جبکہ ایک کو جزوی طور پر سیل کردیا گیا ہے۔

ہنگو کے ڈپٹی کمشنر منصور ارشد کا کہنا ہے کہ ہائر سیکنڈری سکول بلاک ابراہیم زئی میں ایک استاد، پرنسپل اور تین طلباء کا کرونا ٹیسٹ پازیٹیو آیا ہے جس کے بعد سکول کو فوری طور پر بند کردیا گیا ہے اور متاثرہ افراد کو قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

اسی طرح گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 2ہنگو کے دہم بی کلاس میں ایک طالب علم کا کرونا ٹیسٹ پازیٹیو  آنے کے بعد سکول کے صرف دہم بی کلاس کو سیل کردیا گیا ہے جبکہ باقی سیکشن میں پڑھائی کا سلسلہ جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق ہائر سیکنڈری سکول بلاک دوابہ میں تین طلباء کے کورونا ٹیسٹ پازیٹیو آئے ہیں جس پر سکول کو سیل کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ این سی او سی کی جانب سے اجازت کے بعد ملک بھر میں 15 ستمبر سے نویں سے بارہویں جماعت، کالجز اور یونیورسٹیوں کو کھول دیا گیا ہے۔ اسی طرح 23 ستمبر سے چھٹی تا آٹھویں جماعت کی پڑھائی شروع کرنے کی اجازت دی تھی جس کے بعد پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں چھٹی تا آٹھویں جماعت تک تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوچکی ہیں۔

سکولوں میں طلبہ اور اساتذہ کے لیے ایس او پیز کی پابندی لازمی قرار دی گئی ہے جب کہ سکول پہنچنے پر طلبہ اور اساتذہ کا ٹمپریچر چیک کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ سکولوں میں سینیٹائزر کا انتظام کیا گیا ہے اور ماسک کے بغیر سکول میں داخلے پر پابندی ہے۔ سماجی فاصلے کے پیش نظر کلاسز شفٹوں میں تقسیم کی گئی ہیں اور سکولوں میں اسمبلی نہیں ہورہی ہے جب کہ کینٹین بھی بند رکھی گئی ہیں۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button