بونیر، خیبر، ہنگو اور لکی میں مختلف واقعات، 4 افراد جاں بحق 7 زخمی
خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے واقعات میں چار افراد جاں بحق جبکہ سات زخمی ہو گئے۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق ہنگو نریاب ڈیم سے قتل شدہ لاش برآمد ہوئی جسے فائرنگ کر کے قتل اور بعدازاں ڈیم میں پھینک دیا گیا تھا، پولیس کے مطابق لاش ناقابل شناخت ہے۔
اسی طرح لوئر کرم کی تحصیل علی زئی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے دکاندار دلدار قتل، شہریوں نے لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا اور قاتلوں کی گرفتاری اور علی زئی میں ایس ایچ او کی تعیناتی کا مطالبہ کیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق لوئر کرم کے علاقہ علی زئی میں مسلح افراد نے دکاندار دلدار حسین پر پستول سے فائرنگ کی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
اس کے بعد شہریوں نے قتل کے واقعے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور انگریز دور میں قائم تحصیل علی زئی میں ایس ایچ او تعینات کرنے اور بگزئی پل پر دوبارہ چیک پوسٹ قائم کرنے کا مطالبہ کیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے میں ایس ایچ او نہ ہونے کی وجہ سے پولیس ایک گھنٹہ کی تاخیر سے پہنچی اور تب تک لاش پڑی رہی۔
ادھر ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں فرنٹیئر روڈ پر زمین کے تنازعے پر دو فریقین کے مابین فائرنگ سے دو افراد زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق تحصیل باڑہ کے علاقہ اکاخیل فرنٹیئر روڈ پر میاں گل ملک دین خیل اور حاجی محمد کمرخیل کے درمیان زمین کا تنازعہ چلا آ رہا تھا، آج اُن کا آمنا سامنا ہونے پر دونوں فریقین کے درمیان ہاتھا پائی شروع ہو گئی جس کے بعد نوبت فائرنگ تک جا پہنچی اور فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں حاجی محمد گروپ کے تاج محمد ولد حاجی محمد اور فہیم ولد علیم خیل فائرنگ سے زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد مقامی خاصہ دار لیویز جائے وقوعہ پر پہنچے تاہم آخری اطلاعات تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
دوسری جانب لکی مروت میں غزنی خیل کے علاقے کوٹکہ بھائی خان جابو خیل میں ایک شخص کو مستورات کے تنازعے پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ محمد جمیل اپنے بیٹے شعیب الرحمان کے ہمراہ گاؤں میں درختوں کے سائے تلے چار پائیوں پر بیٹھے تھے کہ ملزمان سخی مرجان اور ضیاء اللہ نے وہاں آ کر ان پر فائرنگ کر دی جس سے محمد جمیل موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ واردات کے بعد دونوں ملزمان موٹر سائیکل پر فرار، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
اسی طرح بونیر کے علاقہ بر تیراج سے 18 سالہ نوجوان کی قتل شدہ نعش برآمد ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق موضوع بر تیراج تحصیل چعرزئی کی حدود سے 18 سالہ نوجوان، جس کا تعلق ضلع شانگلہ کی تحصیل پورن کے گائوں گڑاکہ سے بتایا جاتا ہے، کی قتل شدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔
قتل شدہ نوجوان کی شناخت اسلام الحق کے نام سے ہوئی۔ تھانہ گلبانڈئی پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی، قتل کی وجہ تاحال معلوم نہ ہو سکی۔لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے آرا یچ سی گلبانڈئی منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ مقامی پولیس نے ورثا کو اطلاع دے دی ہے۔
بونیر ہی کے علاقہ چغرزئی میں بارات میں شامل گاڑی الٹنے کے نتیجہ میں خواتین اور بچوں سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا، اس سے قبل نوشہرہ میں ایک شادی کی تقریب بھی ماتم میں تبدیل ہو گئی تھی جہاں ہوائی فائرنگ سے دو مہمان زخمی ہو گئے تھے جن میں سے ایک جاں بحق جبکہ دوسرے کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔