خیبر پختونخوا

نوشہرہ میں چوروں کا راج، ایک اور گھر سے 23 لاکھ نقدی اور طلائی زیورات غائب

نوشہرہ چوروں کے نرغے میں ہے، آج ایک بار پھر نامعلوم چورخٹ کلے خورد میں گھر کے کمروں کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے کی نقدی اور طلائی زیورات سمیٹ کر فرار ہو گئے۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے شروع کر دیئے۔ اس سلسلے میں ظفر رحمان ولد رحمان اللہ سکنہ نزد نوشہرہ ٹی ایم اے افس نے تھانہ اضاخیل میں رپورٹ درج کراتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ میں اہل خانہ کے ہمراہ خریداری کے لئے پشاور روانہ ہوا تو جاتے ہوئے میں نے خود اپنے گھر کے تمام دروازے بند کر دیئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم واپس آئے تو میں نے بیٹھک کا دروازہ بند پایا جس کو کوشش بسیار کے بعد توڑ دیا اور گھر میں داخل ہوا تو معلوم ہوا کہ گھر کے تمام کمروں کے دروازے کھلے ہوئے ہیں اور گھر کا سارا سامان بکھرا پڑا ہوا تھا اور ایک صندوق کمرے کے اندر خالی پڑا ہوا ہے اور اس میں پڑی چیزیں نامعلوم چور لے گئے تھے۔

متاثرہ مالک مکان کے مطابق چور جو چیزیں لے گئے ہیں ان میں 22 لاکھ 65 ہزار روپے، ساڑھے سولہ تولے طلائی زیورات، موٹر کار رجسٹریشن، اہلیہ اور گھر کے دیگر افراد کے قومی شناختی کارڈز وغیرہ شامل ہیں۔

اضاخیل پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ دو ماہ سے ضلع نوشہرہ میں چوری اور سٹریٹ کرائم میں بے تحاشا اضافے سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور عوام عدم تحفظ کے شکار ہو گئے ہیں۔

دو روز قبل بھی چور دو گھروں کا صفایا کر کے فرار ہو گئے تھے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button