بونیر میں تیز رفتاری، نوشہرہ میں ہوائی فائرنگ سے شادی کی خوشی ماتم میں تبدیل
نوشہرہ باباجی کلے میں شادی کا گھر ماتم کدہ میں تبدیل، شادی کی تقریب میں اندھا دھند فائرنگ سے دو مہمان شدید زخمی، ہسپتال منتقلی کے دوران 25 سالہ نوجوان عبدالامجید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔
نوشہرہ پولیس کے مطابق باباجی کلے خویشکی میرہ میں تین بھائیوں طارق خان، خالد خان اور عادل کی شادی کی تقریب تھی، ملزم اسفندیار نے شادی کی خوشی میں اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے دو مہمانوں مقتول عبدالامجید ولد جان محمد اور خیر الابرار ولد شیر بہادر کو گولیوں سے بھون ڈالا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 25 سالہ عبدالامجید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال نوشہرہ منتقلی کے دوران جاں بحق ہو گیا جبکہ دوسرے زخمی خیرالابرار کو تشویش ناک حالت میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور منتقل کر دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال نوشہرہ میں پوسٹ مارٹم کے بعد مقتول کی نعش ورثا کے حوالے کردی گئی جبکہ مقتول کے والد کی مدعیت میں تھانہ رسالپور میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم اسفیدیار فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جبکہ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ رسالپور پولیس نے شادی میں ہوئی فائرنگ کا کوئی مقدمہ تاحال درج نہ کیا۔
اسی طرح بونیر کی تحصیل چغرزی میں بھی بارات کی گاڑی حادثے کا شکار ہوئی جس میں پانچ افراد زخمی ہوئے۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق پختنو میرہ سے شادی کی بارات میں جانے والی پیک اپ ڈاٹسن کو گمبت گاؤں کے قریب حادثے پیش آیا جس میں دو بچوں اور ایک خاتون سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے، زخمیوں کو برائٹ چغرزی فاونڈیشن کی ایمبولینس نے فوری طور پر آر ایچ سی گل بانڈی منتقل کیا۔
ایک زخمی کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے جسے ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈگر منتقل کیا گیا ہے، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ہےـ
دوسری جانب شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں 2 لاشیں برآمد کی گئیں۔
پولیس کے مطابق میر علی کے گاؤں شیراتلہ شین پونڈ سے برآمد دونوں لاشوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال میر علی منتقل کر دیا گیا، دونوں لاشوں کی شناخت ہو گئی، ایک کا تعلق میرانشاہ کے گاؤں قطب خیل اور دوسرے کا تعلق رزمک سب ڈویژن کی تحصیل دوسلی سے بتایا جاتا ہے۔
پولیس کے مطابق حمید کا تعلق دوسلی جبکہ نصراللہ کا تعلق قطب خیل سے ہے، پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی۔