پشاور کے بعد نوشہرہ کے 8 اساتذہ میں کورونا وائرس کی تصدیق
پشاور کے بعد نوشہرہ میں بھی ایک سکول کے دس ملازمین کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ محکمہ صحت نوشہرہ کے مطابق گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول رشکئی کے 8 اساتذہ اور 2 کلاس فور ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔
ڈی ایچ او اور ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کے حکم پر محکمہ تعلیم نوشہرہ کے ضلعی تعلیم افسر نے حفاظتی اقدامات کے تحت انہیں فوری طور پر 15 یوم کی چھٹی پر گھروں میں قرنطینہ کردیا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ نوشہرہ کے سکولوں میں تدریسی سرگرمیاں سخت حفاظتی تدابیر کے ساتھ جاری ہیں۔
یاد رہے گزشتہ روز پشاور کے ایک ہی سرکاری سکول کے 7 اساتذہ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
ڈائریکٹر محکمہ تعلیم کے مطابق متاثرہ اساتذہ کا تعلق گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول نمبر 1 کینٹ سے ہے، ایک ہفتہ قبل اساتذہ کے کورونا ٹیسٹ کرائے گئے تھے، گزشتہ روز رپورٹس موصول ہوئے۔
ڈائریکٹر کے مطابق کورونا سے متاثرہ اساتذہ میں سے کوئی بھی طلباء سے نہیں ملا، ان اساتذہ کے دوبارہ بھی کورونا ٹیسٹ کئے جائیں گے، تمام اساتذہ کے مرحلہ وار کورونا ٹیسٹ کے حوالے سے محکمہ صحت سے بات ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ کورونا لاک ڈاؤن کے باعث بند تعلیمی ادارے منگل کے روز 7 ماہ بعد کھل گئے، ملک بھر میں جامعات اور کالجوں کے ساتھ ساتھ نویں اور دسویں جماعت کی کلاسوں کا آغاز بھی آج سے ہو گیا ہے۔