بی آر ٹی بسوں میں مسلسل خرابیاں، چائنہ کمپنی کھوج لگانے پہنچ گئی
بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کے بسوں میں آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لئے چائنہ کے متعلقہ کمپنی سے ایک وفد پشاور پہنچ گیا ہے۔
ٹرانس پشاور کے زرایع کے مطابق چائنیز کمپنی کا وفد بسوں میں سامنے آنے والی فنی خرابیوں کی نشاندہی کرے گا۔ وفد اس حوالے سے اپنی رپورٹ 72 گھنٹوں کے اندر تیار کرکے صوبائی حکومت کو پیش کرے گا۔
13 ستمبر کو افتتاح کے بعد بی آر ٹی پشاور کے بسوں میں اب تک 14 واقعات سامنے آچکے ہیں جن میں 10 فنی خرابیوں کی وجہ سے روٹ پر بند ہوگئے تھے جبکہ 4 میں آگ لگ گئی تھی۔
زرایع کے مطابق ٹرانس پشاور نے اب تک بی آر ٹی روٹ پر صرف 100 تک بسیں فعال کی ہیں جن میں 7 کو خراب ہونے کے بعد واپس ڈپو منتقل کردیا گیا ہے۔
بسوں میں آئے روز فی خرابی اور آگ لگنے کے واقعات نے مسافروں کو بھی تشویش میں ڈال دیا ہے جبکہ عوام اور اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے منصوبے پر تنقید بھی کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبہ اپنے افتتاحی ماہ کے دوران ہی درجن سے زائد بار مختلف قسم کے حادثات کا شکار ہوا ہے جس میں بشتر واقعات آتشزدگی کے ہیں، گذشتہ روز بھی ایک اور بی آر ٹی بس میں آگ لگ گئی خوش قسمتی سے جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔