”1.7 ارب کی لاگت سے زیرتعمیر ارباب نیاز سٹیڈیم جلد عوام کی دسترس میں ہو گا”
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات و اطلاعات کامران بنگش نے کہا ہے کہ ارباب نیاز سٹیڈیم اپریل 2021 تک کھیلوں کی سرگرمیوں کیلئے کھول دیا جائے گا، 1.7 ارب کی لاگت سے جاری ترقیاتی کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے
معاون خصوصی نے منگل کو سیکرٹری سپورٹس ٹورزم اینڈ یوتھ کے ہمراہ ارباب نیاز سٹیڈیم کا دورہ کرتے ہوئے سٹیڈیم میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری سپورٹس و ٹورزم عابد مجید نے جاری تعمیراتی کام پر معاون خصوصی کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈی جی سپورٹس اسفندیار خان ، ٹی ایم او سلیم ، ایکسین رشیداللہ اور پی کے 77 کے دیرینہ کارکنان بھی موجود تھے۔
بریفنگ میں معاون خصوصی کو بتایا گیا کہ سٹیڈیم میں رہائش کیلئے زیر تعمیر ہاسٹل پر اسی فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور اپریل 2021 تک تمام تر تعمیراتی کام مکمل ہو جائے گا۔
اس موقع پر کارمان بنگش کا کہنا تھا کہ بہت جلد بین الاقوامی طرز تعمیر کا یہ شاہکار عوام کی دسترس میں ہو گا کیونکہ سٹیڈیم کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنا کر ہی عوام کیلئے کھولا جائے گا، سٹیڈیم میں ایک اعشاریہ سات ارب روپے کی لاگت سے مختلف ترقیاتی کام جاری ہیں جو کہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔
کامران بنگش نے کہا ہے کہ وزیراعلٰی محمود خان کی خصوصی نگرانی و دلچسپی سے کھیلوں کے میدانوں کی آباد کاری کا سلسلہ جاری ہے اور ارباب نیاز سٹیڈیم تک رسائی کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کیلئے بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
پشاور میں کرکٹ کی بحالی و کھیلوں کے فروغ بارے معان خصوصی کا کہنا تھا کہ ارباب نیاز سٹیڈیم کی بحالی سے صوبے میں بین الاقوامی کرکٹ کی آمد کی راہ ہموار ہو جائے گی، کھیلوں کے میدان آباد ہونگے تو نوجوان نسل مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب ہو گی۔
ترقیاتی کام تندہی سے نمٹانے پر معاون خصوصی نے محکمے کے اہلکاروں کی تعریف کرتے ہوئے پی کے ستتر اور صوبے کے عوام کی جانب سے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔