‘پنشن خاتمہ اورریٹائرمنٹ عمر میں کمی کسی صورت تسلیم نہیں کرینگے’
آل گورنمنٹ ایمپلائز کوارڈینیشن کونسل کے زیراہتمام باجوڑ، دیراور خیبرمیں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ باجوڑ کے احتجاجی مظاہرے میں تمام محکموں کے نوکر پیشہ افراد نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے میں مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ سرکاری ملازمین کے ساتھ ظلم بند کیا جائے، سرکاری ملازمین کے پنشن کا خاتمہ نہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری نوکر پیشہ پر آئی ایم ایف کی شرائط برداشت نہیں کریں گے۔
لوئردیرمیں بھی ال گورنمنٹ ایمپلایز کوارڈی نیشن کونسل کے زیر اہتمام تیمرگرہ میں مظاہرہ ہوا جس میں کثیرتعداد میں سرکاری ملازمین نے شرکت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی ایما ء پر سرکاری ملازمین کش پالیسیاں کسی صورت قابل قبول نہیں،ہر حد تک جا ینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنشن خاتمہ اورریٹائرمنٹ عمر میں کمی کسی صورت تسلیم نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کرینگے۔
دوسری جانب ضلع خیبر تحصیل جمرود میں سرکاری ملازمین نے سالانہ انکریمنٹ اور پینشن خاتمہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرہ ایجوکیشن افس سے شروع ہوا اور باب خیبر کے مقام پر باقاعدہ جلوس کی شکل اختیار کی، مظاہرین سالانہ انکریمنٹ اور پینشن کے خاتمہ کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے جبکہ ہاتھوں میں سرکاری ملازمین کیساتھ ظلم بند کرو جیسی نعروں والے بینرز اٹھا رکھے تھے۔
باب خیبر کے مقام پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سرکاری ملازمین کے سالانہ انکریمنٹ اور پینشن کے خاتمے کا جو اعلان کیا ہے وہ ہمیں قطعی طور پر منظور نہیں ہے، سرکاری ملازمین کیساتھ روا رکھے جانیوالا ظلم بند کیا جائے کیونکہ سرکاری ملازمین پہلے سے مشکلات کے شکار ہیں ۔ مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ انکریمنٹ اور پینشن خاتمہ کے حوالے اعلان کو ختم کیا جائے بصورت دیگر نہ ختم ہونیوالا احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کرینگے۔