پشاور کے مزید علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ
پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر مزید علاقوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے۔
صوبائی دارالحکومت پشاور کے مختلف علاقوں مرشد آباد , چنار روڈ یونیورسٹی ٹاؤن,حیات آباد فیز 6 ,گلشن رحمان کالونی, کینال ٹاون,دانش آباد پشاور ,درمنگی گارڈن اورحیات آباد فیز تھری میں آج 7 ستمبر بوقت دوپہر 2 بجے سے مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران ان علاقوں سے ان آوٹ انٹری بند رہے گی۔ یاد رہے 26 اگست کو بھی پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر کچھ علاقوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا تھا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق،مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن حیات آباد، صدر، ڈیفنس کالونی، پجگی روڈ اور ورسک روڈ پر چند گھروں اورگلیوں میں لگایا گیا تھا۔
دوسری جانب ملک میں 24 گھنٹوں کےدوران کورونا سےمزید 3 افراد انتقال کرگئے۔ پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی سرکاری ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 20980 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 394 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 3 افراد انتقال کرگئے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 118 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔ سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 130671 ہوگئی ہے جب کہ 2423 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔
پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 97226 ہے اور 2210 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 13292 اور ہلاکتیں 144 ہوچکی ہیں۔ خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 36262 اور 1255 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 2231 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 65 افراد انتقال کرگئے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 3008 اور 71 افراد انتقال کرچکے ہیں۔ پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 15750 ہے اور اب تک 176 مریض انتقال کرچکے ہیں۔