وزیراعلیٰ نے اکمل لیونے کو کتنی امداد دی ہے؟
سوشل میڈیا کے ذریعے معلوم ہونے پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کے جاری کردہ احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر مردان محمد عابد خان وزیر کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مردان نیک محمد نے تحصیل کاٹلنگ کے رہائشی پشتو کے نامور شاعر اکمل لیونی کے گھر کا دوبارہ دورہ کیا اور ان کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مالی مدد کے تحت 50 ہزار روپے کا چیک دے دیا۔
مزید ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے شاعر اکمل لیونی کے علاج پر کئے گئے تمام تر اخراجات کو ادا کرنے کیلئے صوبائی حکومت کو تمام تر طبی کاغذات سمیت کیس منظوری کیلئے ارسال کر دیا جس کے تحت ان کے علاج پر ہونے والے خرچے کو صوبائی حکومت کی جانب سے ادا کیا جائے گا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے صوبائی حکومت کی جانب سے مذید مالی امداد اور مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر ذیشان خانزادہ خان نے کہا تھا کہ معروف پشتو شاعر اکمل لیونے پشتو زبان اور ادب کا قیمتی سرمایہ ہیں، انہیں ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا، وزیر اطلاعات شبلی فراز نے ان کی مالی معاونت کا وعدہ کیا ہے۔