خیبر پختونخوا

امید ناٹ آؤٹ، شاہد افریدی نے ٹانک کے عوام سے لائبریری کا وعدہ پورا کردیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابقہ کپتان و آل راونڈر شاہد آفریدی نے اپنا وعدہ ایفا کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے پسماندہ ضلع ٹانک میں لائبریری کی تعمیر نو کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

ٹانک شہر کی واحد لائبریری کی کچھ عرصہ پہلے سوشل میڈیا پر تصاویر وائرل ہوگئی تھی جس میں لائبریری کی عمارت گندگی کی ڈھیر میں گری نظر آر رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق مذکورہ لائبریری پچھلے 15 سال سے بند پڑی ہے۔

سوشل میڈیا پر تصاویر وائرل ہونے کے بعد شاہد آفریدی نے اس پر افسوس کا اظہار کیا تھا اور شاہد افریدی فاؤنڈیشن کی جانب سے اس کی تعمیر نو کا اعلان کیا تھا۔

اپنے اعلان کو عملی جامہ پہنانے کے لئے معروف آل راؤنڈر نے گزشتہ روز ٹانک کا دورہ کیا اور ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ لائبریری کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

اس موقع پر شاہد افریدی نے کتابوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ‘ایک کتاب جیسے نئی دنیا میں کھڑکی کھولتی ہے تو ایک لائبریری سوچیں کیسا جہاں تخلیق کرسکتی ہے ؟ ٹانک کی عمارت ہمارے ترجیحات کے زوال کی نشانی ہے۔ ہمیں اپنے علمی ورثے کو صرف بچانا نہیں بلکہ اس کی پرورش بھی کرنی ہے’

انہوں نے مزید کہا کہ گھر کو کتابیں اور کتابو کو گھر دیجئیے۔

سابقہ کپتان نے کہا کہ لائبریریز لڑکے اور لڑکیوں کی پڑھائی کے لئے ضروری ہیں۔ کسی ریاست کی ترقی کے لئے تعلیم ضروری ہے، اگر ہم پاکستان میں خواندگی کی شرح دیکھیں تو 30 ملین بچے سکول سے باہر ہیں۔

شاہد افریدی نے ٹانک میں لائبریری کے قیام کے علاوہ وہاں صاف پانی کی عدم فراہمی جیسے دیرینہ مسئلے کو حل کرنے کے لئے بھی کوششوں کی یقین دہانی کرائی ہے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button