خیبرپختونخوا: سکول سٹاف اور طلباء کا کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ
محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے سکول سٹاف اور طلباء کا کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے ایک مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں تمام سکولوں کے سربراہان کو آگاہ کیا گیا ہے کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں تمام نجی اور سرکاری سکولوں کا دورہ کرے گی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سکولوں کے سربراہان محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ ٹیسٹ کرانے میں تعاون کریں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ہیلتھ کی ٹیم وزٹ کے دوران اساتذہ، طلباء اور دیگر سٹاف میں چند ایک کا کورونا ٹیسٹ کریں گے، اساتذہ اور دیگر اسٹاف کا کورونا ٹیسٹ سکول کھولنے سے پہلے کیا جائے گا۔
محکمہ تعلیم کے مطابق بچوں کا ٹیسٹ 15 ستمبر کو سکول کھولنے کے بعد کیا جائے گا، رینڈم ٹیسٹ کا فیصلہ کورونا مثبت کیسز کے بارے میں معلومات اور روک تھام کیلئے کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں رواں سال مارچ سے تعلیمی ادارے بند ہیں جب کہ حکومت کی جانب سے 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے لیکن حتمی فیصلہ 7 ستمبر کو ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔