صوابی: 8 ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد ہوٹل سیل
صوابی کی ضلعی انتظامیہ نے 8 ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد ایک ریسٹورنٹ کو سیل کردیا۔ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے عہدیداروں کے لیے یہ حیرت کی بات ہے کیونکہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کم ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ایسے ہوٹل سے 8 مثبت کیسز سامنے جہاں روزانہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد آتی ہے، تشویشناک ہے۔ضلعی صحت آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہی ضلع میں کورونا وائرس کے تقریبا 26 کیسز ہیں۔انہوں نے کہا کہ 8 نئے تصدیق شدہ مریضوں کے ساتھ فعال کیسز کی کل تعداد 34 تک پہنچ گئی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر اصلاح الدین نے بغیر کسی تاخیر کے ثمر گل ہوٹل کو سیل کردیا اور انتظامیہ نے ضلع کے ہوٹلوں کی نگرانی شروع کردی۔ریسٹورنٹس کے مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ معیاری آپریٹنگ طریقہ کار پر عمل کریں۔ڈی ایچ او نے بتایا کہ سب سے بڑی پریشانی یہ ہے کہ لوگوں نے یہ یقین کرنا شروع کردیا ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ کی مدت ختم ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں نے ایس او پیز پر عمل کرنا چھوڑ دیا ہے جس سے بہت زیادہ نقصان ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے کیسز کے سامنے آنے سے ثابت ہوا ہے کہ شعبہ صحت سے تعلق رکھنے والے ورکرز ٹھیک کہہ رہے تھے۔محکمہ صحت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ عہدیداروں نے اعتراف کیا کہ ہوٹل کے عملے نے ایس او پیز پر عمل نہیں کیا تھا۔حکام نے بتایا کہ ان علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے جہاں 8 مریضوں کے گھر تھے۔انہوں نے کہا کہ پولیس علاقوں میں گشت بھی کررہی ہے۔