سوات، اگست کے دوران 101 ٹریفک حادثات، 14 آ تشزدگیاں، ڈوبنے کے 23 واقعات
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سوات عمران خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ ریسکیو 1122 سوات نے اگست کے مہینے میں بھی معمول کی ریسکیو ڈیوٹی کے ساتھ بارش کی وجہ سے متاثرہ علاقوں مدین، شاہگرام اور تیرات میں بھی خدمات فراہم کیں، ریسکیو 1122 سوات نے ماہ اگست میں 1065 ایمرجنسیز میں خدمات فراہم کی ہیں۔
ریسکیو 1122 سوات کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ادارہ اس وقت ضلع کے تمام 7 تحصیلوں سمیت سیاحتی مقام کالام میں بھی ہر قسم حادثات میں 24 گھنٹے اپنے خدمات فراہم کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ریسکیو 1122 سوات نے صرف اگست کے مہینے میں 101 ٹریفک حادثات میں زخمیوں کو ابتدائی طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل جبکہ 67 مختلف قسم کی ریکوریز میں بھی بروقت رسپانس کیا۔
گزشتہ مہینے 853 میڈیکل، 14 آ تشزدگیاں اور 23 پانی میں ڈوبنے کے واقعات کے ساتھ ساتھ حالیہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں مدین شاہگرام اور تیرات میں بھی ریسکیو 1122 سوات نے بھر پور امدادی خدمات سر انجام دیں۔
اسی طرح 8 گولی لگنے کے واقعات بھی رونما ہوئے جبکہ 3 مختلف مقامات میں گھروں کی چھتیں بھی گریں، ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے بروقت رسپانس کیا اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا۔
ریسکیو 1122 سوات نے مختلف ایمرجنسیز کے دوران 976 مریضوں اور زخمیوں کو خدمات فراہم کیں جن میں 14 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوئے تھے۔
ریسکیو 1122 سوات کنٹرول روم کو اگست کے مہینے میں 24120 کالز موصول ہوئے جس میں 14465 فیک کالز تھیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ریسکیو 1122 سوات خیبر پختونخوا حکومت اور ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خطیر احمد خان کی ہدایات کی روشنی میں اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افیسر سوات عمران خان یوسفزئی کی سربراہی میں شب و روز عوام کی خدمت کے لئے تیار ہیں اور تربیت یافتہ ریسکیورز ہر قسم حالات سے نمٹنے کے لئے کمربستہ ہیں۔